اسلام آباد: وزارت صحت کی ہدایت کے تحت ایوی ایشن ڈویژن نے پاکستان میں داخل ہونے والے تمام مسافروں کیلئے ہیلتھ ڈیکلریشن فارم جمع کروانا لازمی قرار دیا ہے۔
ہفتہ کوایوی ایشن ڈویژن کی طرف سے جاری علامیہ کے مطابق ہیلتھ ڈیکلریشن میں رابطے کی تفصیلات اور سفر کی مختصر تاریخ شامل ہوگی۔
پاکستان میں داخل ہونے کے لئے مکمل فارم جمع کروانا ضروری ہوگا۔ جہاز کا عملہ تمام مسافروں میں ہیلتھ ڈیکلریشن کارڈ تقسیم کرے گا۔
حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق اور نوول کرونا وائرس کی وبا کے پیشِ نظر کارڈ میں معلومات کا اندراج کرنا اور کارڈ کو لائونج میں ہیلتھ سٹاف کے حوالے کرنا لازمی ہے۔ بصورت دیگر پاکستان میں داخلہ اور امیگریشن کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ڈیکلریشن فارم میں نام ،پاسپورٹ نمبر اور پتہ کے علاوہ یہ بتانا بھی ضروری ہو گا کہ آپ کا قیام مختلف ممالک میں کتنا رہا اور کیا مسافر کو بخار، کھانسی اور سانس کی تکلیف ہے یا نہیں؟