200 ارب روپے کا احساس کفالت پروگرام شروع، وزیر اعظم نے خواتین میں کفالت کارڈ تقسیم کیے

کفالت کارڈز کے ذریعے خواتین یوٹیلیٹی سٹورز سے راشن بھی لے سکیں گی، یہ فلاحی ریاست کی طرف ایک اور قدم ہے: عمران خان

469

اسلام آباد (مانیٹرنگ رپورٹ):وزیراعظم عمران خان نےمستحق خواتین کیلئے 200 ارب روپے کے احساس کفالت پروگرام کا آغاز کر دیا، کفالت کارڈز کے ذریعے خواتین یوٹیلیٹی سٹورز سے راشن کی سہولیات بھی حاصل کریں گی۔

تقریب میں وزیراعظم نے غریب طلباء کو سکالرشپ دینے کے پروگرام شروع کرنے اور نوجوانوں کیلئے یوتھ قرضہ سکیم شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

چیئرپرسن احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر، معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید، وفاقی وزراء، وزراءمملکت، پارلیمانی سیکرٹریز اور ارکان پارلیمنٹ سمیت دیگر حکام بھی اس تقریب میں شریک ہوئے۔

وزیر اعظم نے احساس پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ نئے پروگرام سے 8 لاکھ غیر مستحق افراد کو نکال دیا گیا ہے، اب 200 ارب روپے کے فنڈز براہ راست صرف مستحقین تک پہنچ سکیں گے۔ حکومت نے فنڈز چوری کے راستےبند کر دیے ہیں۔

عمران خان نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت خواتین کیلئے ایک مضبوط سسٹم بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کفالت پروگرام کا ڈیٹا سروے کے ذریعے اکٹھا کیا گیا جس کے تحت 70 لاکھ خواتین کو کفالت کارڈز دے کر کمزور طبقات کی مختلف طریقوں سے مدد کی جائے گی، یہ فلاحی ریاست کی بنیاد رکھنے کی طرف ایک قدم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کفالت کارڈ ہولڈر کو مستقبل میں اسی کارڈ کے ذریعے یوٹیلیٹی سٹورز سے راشن کی فراہمی اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ میں کمزور طبقہ کی ذمہ داری ریاست نے اٹھائی جس کے بعد مسلمان عظیم قوم بن کر ابھرے، حکومت مشکل حالات کے باوجود پسے ہوئے طبقات کو ریلیف دینے کیلئے پرعزم ہے،

ماضی میں پسماندہ طبقات کو تعلیم، صحت اور انصاف جیسی سہولیات سے محروم رکھا گیالیکن اب حکومت غریب گھرانوں کے بچوں کو تعلیمی وظائف دے کر پاکستان کو فلاحی ریاست بنائے گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت خواتین کے بینک اکاﺅنٹس کھولے اور انہیں سمارٹ فون دیئے جائیں گے جس سے ان خواتین اور بچوں کی معلومات تک رسائی کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہنرمند پاکستان پروگرام سے 5 لاکھ نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کرنے جارہی ہے، جس سے نوجوانوں کو پاﺅں پر کھڑا کرنے کے ساتھ انہیں بااختیار بنایا جائے گا، تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔

نئے پاکستان کا مقصد معاشرتی مساوات کو یقینی بنانا ہے، نوجوانوں کیلئے حکومت یوتھ قرضہ سکیم متعارف کرائے گی ان قرضوں کی تقسیم میرٹ کی بنیاد پر ہو گی۔

نوجوانوں کو ان قرضوں سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر مختلف مستحق خواتین میں احساس کفالت کارڈز تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اگلے دو ہفتوں میں ایک اور پروگرام شروع کرنے جارہی ہے۔

نئے شروع کیے جانے والے منصوبے کا مقصد غریب اور پسماندہ خواتین کو گائے، بھینسیں اور مرغیاں فراہم کر کے ان کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہو گا۔

چین کی مثال دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کہ 30 سال میں چین نے 70 لاکھ لوگوں کو غربت سے نکالا اور اب وہ معاشی طاقت بن چکا ہے۔ پاکستان کے پیچھے رہ جانے کی ایک بڑی وجہ پسماندہ طبقات کو نظر انداز کرنا ہے، دنیا میں غریب اور پسماندہ طبقات پر توجہ دینے والے ممالک نے ہی ترقی کی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here