اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر نے کہا کہ ملک میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے حکومت آئندہ 25 سالوں کیلئے جامع منصوبہ بندی کررہی ہے۔
جمعہ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے ندیم بابر نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، ہماری منصوبہ بندی میں ملک میں سستی اور مستقل بنیادوں پر توانائی کو یقینی بنانا شامل ہے۔ پاکستان کو توانائی کا ضیاع روکنے کیلئے بھی اقدامات اٹھانا ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ایل این جی مارکیٹ بڑی تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے ہمیں اس پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ دنیا میں ایل این جی کے سودے شارٹ ٹرم کانٹریکٹ کی بنیاد پر ہو رہے ہیں مگر ہمیں اپنے توانائی سیکٹر کو مؤثر بنانا ہوگا اس لیے حکومت ایل این جی کاروبار میں نہیں رہے گی۔
ہم بجلی اور گیس کے شعبے میں 25 سالہ جامع پلان لا رہے ہیں، نجی شعبہ ایل این جی لائے اور ٹرمینلز بنائے، حکومت توانائی کے جامع پلان میں اپنا کردار کم کرکے نجی شعبے کو آگے لائے گی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ ہم مقامی طور پر گیس کی تلاش اور پیداوار کو فروغ دیں گے، گیس شارٹ فال پر قابو پانے کے لیے گیس درآمد کرنا پڑتی ہے۔