اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی کوششوں اور ویژن سے بیمار معیشت ٹریک پر واپس آ رہی ہے، مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے بھی حکومت خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے۔
نجی نیوز چینل کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہر گزرتے دن کیساتھ معیشت میں بہتری آ رہی ہے، یہ صرف اور صرف موجودہ حکومت کی بہترین معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ممکن ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے غریب طبقے کی مشکلات کا ادراک ہے اسی لیے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ ظاہر ہے حکومت کی پہلی ترجیح عوام کو ریلیف دینا اور ان کی مشکلات حل کرنا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی ایماندار قیادت کے تحت پی ٹی آئی حکومت معیشت کی ترقی اور مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اہم اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی تنخواہ میں اضافے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے یہ روایت بن چکی ہے کہ میڈیا کسی غیر مستند خبر کو اچھالنا شروع کر دیتا ہے حالانکہ صحافتی اقدار کا تقاضا یہی ہے کہ تصدیق ضرور کی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور کابینہ نے اپنی تنخواہوں میں کمی کی ہے۔ سابق بدعنوان حکمرانوں نے بیرونی دوروں پر ساڑھے 4 ارب روپے اڑا دئیے لیکن عمران خان نے بیرونی دوروں پر بھی قومی خزانے کی بچت کی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بنی گالا کی ایک دیوار گرنے پر اپنے پیسوں سے تعمیر کروائی اور قومی خزانے سے ایک پیسہ وصول نہیں کیا، وہ سادہ انسان ہیں اورعوام کے ٹیکس کے پیسے کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمان تمام اداروں کی ماں ہے اور اسکی عزت کی جانی چہایے۔ موجودہ حکومت قومی اداروں میں اصلاحات لا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہے۔