اسلام آباد: پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سید المالکی نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر سے پیٹرولیم ڈویژن میں ملاقات کی ہے۔
سعودی سفیر نے دونوں ملکوں کے دو طرفہ تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور سلطنت سعودی عرب کے تعلقات برادرانہ، دوستانہ اور مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کا اظہار قیادت کی سطح پر تسلسل سے ہونے والے رابطوں سے بھی ہوتا ہے۔
ندیم بابر نے کہا کہ پاکستان سلطنت سعودی عرب کے حوالے سے دیرپا خیرخواہی اور رغبت رکھتا ہے۔ انہوں نے یہ تذکرہ بھی کیا کہ ہر پاکستانی کے دل میں سعودی عرب کا ایک خاص مقام ہے۔
ندیم بابر نے پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں جاری اصلاحاتی عمل کے پہلوئوں پر بھی بات کی۔ پاکستان حال ہی میں عالمی بنک کی کاروبار کرنے کے لیے موزوں ملکوں کی درجہ بندی میں نمایاں اصلاح کار کے طور پر ابھرا ہے اور مختلف ملک پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے ایک موزوں مقام کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے سعودی کاروباری اداروں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان کی جانب سے پیش کیے جانے والے سرمایہ کاری کے لیے متنوع امکانات کا جائزہ لیں۔ اطراف نے آئل سیکٹر میں مشترکہ طور پر جاری منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے بھی اطمینان کا اظہار کیا۔