افریقی ممالک کیساتھ تجارت کے فروغ کیلئے پاکستان افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس، شاہ محمود قریشی شرکت کیلئے روانہ

مشیر تجارت رزاق دائود کی صدارت میں اس کانفرنس میں 100 پاکستانی کاروباری شخصیات، 20 افریقی ممالک سے 200 وفود شرکت کرینگے: وزیر خارجہ کا ویڈیو بیان

500

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ  ‘Engage Africa’ کانفرنس میں شرکت کے لیے کینیا روانہ ہو گئے۔

روانگی سے قبل ایک ویڈیو بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ معاشی سفارتکاری کو اپنی خارجہ پالیسی کا اصول بنا کر پاکستان آگے بڑھ رہا ہے۔ پاکستان کا دفتر خارجہ برِاعظم افریقہ کیساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے یہ کانفرنس منعقد کر رہا ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کانفرنس کی صدارت کریں گے جبکہ انکے ہمراہ 100 کے قریب پاکستانی کاروباری افراد کا وفد بھی کانفرنس میں شرکت کیلئے جا رہا ہے۔

شاہ محمود نے کہا کہ افریقی ممالک کی ممتاز کاروباری شخصیات کو بھی کانفرنس میں مدعو کیا گیا ہے جس کا مقصد افریقی ممالک کے ساتھ دو طرفہ تجارتی حجم اور سرمایہ کاری بڑھانا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ہم منصب کے علاوہ کینیا کے صدر سے بھی ملاقات کرینگے۔ اس کانفرنس کے پلیٹ فارم سے نہ صرف پاکستان اور کینیا کے تعلقات کو مزید مضبوط  بنانے کی کوشش کریں گے بلکہ دوسرے افریقی ممالک کیساتھ تعلقات کو بھی مزید وسعت دینگے۔

پاکستان افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کے نام سے یہ کانفرنس 30 اور 31 جنوری کو نیروبی میں ہوگی، اس حوالے سے وزارت کامرس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنی نوعیت کی اس پہلی کانفرنس کو بیرون ملک پاکستانی سفارتی مشنز نے منعقد کیا ہے جس میں 20 افریقی ممالک کے 200 وفود شرکت کریں گے۔

کانفرنس میں شرکت کرنے والے ممالک میں کینیا، الجیریا، مراکش، تیونس، لیبیا، مصر، سینیگال، نائیجریا، ایتھوپیا، تنزانیہ، جنوبی افریقہ، زمبابوے، سوڈان، روانڈا، یوگنڈا، برونڈی اور موریشس شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here