رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں جوتوں کی برآمدات میں 17 فیصد اضافہ

جولائی سے دسمبر2019ء تک پاکستان نے 67.404 ملین ڈالر کے جوتے برآمد کیے، گزشتہ سال اسی مدت میں 57.244 ملین ڈالر کے جوتے برآمد کیے گئے تھے: ادارہ برائے شماریات

832

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک):  ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ جوتوں کی برآمدات میں رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 17.75 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

پی بی ایس کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے دسمبر2019ء تک پاکستان نے 67.404 ملین ڈالر کے جوتے برآمد کیے جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں پاکستان نے 57.244 ملین ڈالر کے جوتے برآمد کیے تھے۔

اعدادوشمارکے مطابق اس عرصہ میں چمڑے سے بنے جوتوں کی برآمدات میں 12.86 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ مالی سال میں چمڑے کے جوتوں کی برآمدات 50.646 ملین ڈالر جبکہ رواں سال یہ برآمدات 57.161 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی ہیں۔

رواں مالی سال ملک میں کینوس سے بنے جوتوں کی برآمدات 0.224 ملین ڈالر رہیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں 0.051 ملین ڈالر تھیں۔

یوں کینوس سے بنے جوتوں کی برآمدات میں 339.22 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔

گزشتہ مالی سال دوسری اشیا سے بنے جوتوں کی برآمدات 6.547 ملین ڈالر تھیں جبکہ رواں سال انکی برآمدات 10.019 ملین ڈالر رہیں اور 53.03 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

جوتوں کی برآمدات میں دسمبر 2019 میں پچھلے مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 2.03 فیصد سالانہ کمی واقع ہوئی ہے۔

دسمبر 2019 کے دوران یہ برآمدات 11.148 ملین ڈالر جبکہ دسمبر 2018 میں یہ برآمدات 11.379 ملین ڈآلر ریکارڈ کی گئی تھیں۔

اسی ماہ کے دوران میں چمڑے سے بنے جوتوں کی برآمدات میں 5.40 فیصد تک گر گئیں تھیں جبکہ کینوس سے بنے جوتوں کی برآمدات میں 720 فیصد اضافہ ہوا تھا۔

علاوہ ازیں ہر طرح کے جوتوں کی برآمدات میں 12.59 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

پی بی ایس کے اعدادوشمار کے مطابق جوتوں کی برآمدات میں دسمبر 2019 کے دوران  اسی سال نومبر کے مقابلے میں 1.12 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

جبکہ نومبر 2019  میں یہ برآمدات 11.025 فیصد ریکارڈ کی گئیں تھیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here