اسلام آباد: سٹیٹ بنک آف پاکستان کے مطابق، موجودہ مالی سال (2020-2019) کی پہلی ششماہی کے دوران پاکستانی مصنوعات سب سے زیادہ امریکا میں برآمد کی گئیں جس کے بعد چین اور برطانیہ کا نمبر آتا ہے۔
امریکا کو جولائی سے دسمبر (2020-2019) کے دوران برآمدات کا مجموعی حجم 2074.168 ملین ڈالر رہا جب کہ گزشتہ برس جولائی سے دسمبر (2019-2018) کے دوران برآمدات کا حجم 2018.797 ملین ڈالر تھا جس سے یہ اندازہ لگانا ممکن ہے کہ حالیہ عرصہ کے دوران امریکا کو برآمدات میں 2.74 فی صد اضافہ ہوا ہے۔
امریکا کے بعد پاکستان کی سب سے زیادہ برآمدات کا حجم چین کو رہا جسے پاکستان نے 936.858 ملین ڈالر کی مصنوعات برآمد کیں جو گزشتہ برس اسی عرصہ کے دوران 889.642 ملین ڈالر تھا، یوں چین کو پاکستانی برآمدات میں 5.30 فی صد اضافہ ہوا۔
سٹیٹ بنک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق، پاکستانی برآمدات کے تناظر میں برطانیہ تیسرا بڑا ملک ہے جہاں پاکستان نے رواں معاشی برس کے دوران اب تک 853.348 ملین ڈالرز مالیت کی برآمدات کیں جب کہ گزشتہ مالی سال کے دوران برآمدات کا یہ حجم 895.074 ملین ڈالر تھا، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ برطانیہ کو پاکستانی برآمدات میں 3.54 فی صد کمی آئی ہے۔
اعداد و شمار سے یہ انکشاف ہوا کہ دیگر ملکوں میں متحدہ عرب امارات کو پاکستانی برآمدات کا حجم 827.731 ملین ڈالر رہا جب کہ گزشتہ برس برآمدات کا یہ حجم 638.221 ملین ڈالر تھا، یوں متحدہ عرب امارات میں برآمدات کے حجم میں 29.69 فی صد اضافہ ہوا جب کہ جرمنی کو برآمد کی گئی مصنوعات کا حجم 670.833 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جب کہ گزشتہ برس برآمدات کا حجم 647.285 ملین ڈالر تھا۔
رواں معاشی سال کے اولین نصف کے دوران، افغانستان کو برآمدات کا حجم 543.159 ملین ڈالر رہا جب کہ گزشتہ برس برآمدات کا یہ حجم 534.654 ملین ڈالر تھا جب کہ سپین کو برآمدات کا مجموعی حجم 445.086 ملین ڈالر ہے جو گزشتہ برس 448.162 ملین ڈالر تھا۔ پاکستان کی اٹلی کو برآمدات کا حجم 386.996 ملین ڈالر ہے جو گزشتہ برس 379.409 ملین ڈالر تھا جب کہ بنگلہ دیش کو برآمدات کا حجم 369.313 ملین ڈالر ہے جو گزشتہ برس 378.193 ملین ڈالر تھا۔
اسی طرح موجودہ مالی سال کے دوران بیلجئم کو برآمدات کا حجم 266.187 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ برس 301.770 ملین ڈالر تھا جب کہ فرانس کو برآمدات کا حجم رواں مالی برس کے دوران 222.013 ملین ڈالر رہا ہے جو گزشتہ برس 228.707 ملین ڈالر تھا۔ پاکستان کا سنگاپور کو رواں مالی سال کے دوران برآمدات کا حجم 117.594 ملین ڈالر رہا ہے جو گزشتہ برس 130.160 ملین ڈالر تھا جب کہ کینیڈا کو برآمدات کا حجم 143.424 ملین ڈالر رہا جو گزشتہ برس 148.368 ملین ڈالر تھا، سعودی عرب کی بات کی جائے تو پاکستانی برآمدات کا حجم 243.213 ملین ڈالر رہا ہے جو گزشتہ برس 151.389 ملین ڈالر تھا جب کہ بھارت کو برآمدات کا حجم 16.878 ملین ڈالر رہا جو گزشتہ برس 213.655 ملین ڈالر تھا۔