لاہور(شہاب عمر): سرکاری اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران پنجاب میں سیلز ٹیکس آن سروسز (ایس ٹی ایس) کے تحت نئے کاروباروں کی رجسٹریشن میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے ٹیکس کا دائرہ کار وسیع کرنے کیلئے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں بہترکارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 15 ہزار 4 سو 39 نئے کاروباروں کا اندراج کیا گیا جن میں زیادہ تر آئی ٹی، کھانے پینے، مشروبات اور کورئیر وغیرہ سے متعلق تھے۔
یوں ایس ٹی ایس کے تحت رجسٹرڈ کاروباروں کی مجموعی تعداد 78 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں 12 ہزار 533 نئے کاروبار رجسٹرڈ ہوئے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اختتام تک مجموعی تعداد 62 ہزار 5 سو 61 تھی۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی 2012 میں قائم ہوئی اور مالی سال 2013ء میں اس میں 2ہزار 3سو 57 کاروبار رجسٹر کیے گئے تاہم مالی سال 2016ء تک ٹیکس نیٹ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا جب پی آر اے نے 15 ہزار 7 سو 67 کاروباروں کا اندراج کیا، اسی سال رجسٹریشن کی مجموعی تعداد 38 ہزار 910 تھی۔
مالی سال -192018 ء میں رجسٹریشن سست روی کا شکار رہی۔
پی آر اے کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی کہ پنجاب میں نئے کاروبار تیزی سے رجسٹرڈ ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ٹیکس بیس کو وسیع کر کے اپنے اہداف پورے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور امکان ہے کہ آئندہ مالی سال کے اختتام تک کئی نئے کاروبار رجسٹرڈ ہونے کا امکان ہے۔
پی آر اے کے چیئرمین زین العابدین نے کہا کہ معاشی سست روی کے باوجود اتھارٹی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے، رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران 23 فیصد زیادہ ٹیکس جمع کیا گیا ہے۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زین العابدین نے کہا کہ سروسز پر پراونشل ٹیکس پہلے ہی آن لائن بینکنگ چینلز کے ذریعے وصول کیا جارہا ہے جبکہ کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے ٹیکس جمع کرانے کی سہولیات بھی جلد دستیاب ہوجائیں گی۔