اسلام آباد (سٹاف رپورٹ): پاکستان اور جاپان نے دوطرفہ طور پر تجارت، سرمایہ کاری، عوامی رابطوں، انسانی وسائل کی ترقی، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر غور کیا ہے۔
پاکستان-جاپان دوطرفہ سیاسی مشاورتی (بی پی سی) اجلاس کے بارہویں رائونڈ میں پاکستان کی طرف سیکریٹری خارجہ سہیل محمود شریک ہوئے جبکہ جاپان کی نمائندگی سینئر نائب وزیر برائے امور خارجہ کینجی کناسوجی نے کی۔
مذکورہ اجلاس دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم ہے، فریقین نے پاک جاپان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور دیرینہ شراکت داری کو مزید بلندیوں سے ہمکنار کرنے کا عزم کیا۔
سکریٹری خارجہ سہیل محمود نے پاکستان کی معاشی میدان میں مثبت پیشرفت، مستحکم میکرو اکنامک صورتحال، کریڈٹ ریٹنگ اور کاروباری مواقع میں بہتری اور کاروبار کرنے کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے ریٹنگ کے بارے میں بریفنگ دی۔
انہوں نے سیاحت کے شعبے سمیت پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع کے بارے میں جاپانی حکام کو آگاہ کیا۔
فریقین نے صدر مملکت عارف علوی کے شہنشاہ جاپان کی تقریب تاج پوشی میں شرکت سمیت دیگر سیاسی رابطوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
عالمی اور علاقائی ترقی کے حوالے سے پاکستان اور جاپان کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکریٹری خارجہ نے افغان امن عمل کے لئے پاکستان کی مستقل حمایت کے بارے میں بھی بتایا۔
انہوں نے 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور انسانیت سوز مظالم کے بارے میں جاپانی حکام کو آگاہ کیا اور جموں و کشمیر کے تنازعہ کے پرامن حل کیلئے جاپان سمیت عالمی برادری کے کردار پر بھی زور دیا۔
سیکریٹری خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی کو ختم کرانے میں پاکستان کی سیاسی و سفارتی کوششوں اور مثبت کردار کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔