اسلام آباد: پاکستان بیورو برائے شماریات کے مطابق، پاکستان کو رواں معاشی سال 20-2019 کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران مختلف ممالک کو سفری خدمات کی فراہمی کی مد میں 206.040 ملین ڈالرز کی آمدن ہوئی ہے۔
گزشتہ مالی سال 19-2018 کے اسی عرصہ کے دوران انہی خدمات کی فراہمی پر 168.050 ملین ڈالرز کی آمدن ہوئی تھی جو سال گزشتہ کی نسبت 22.61 فی صد زیادہ ہے۔
موجودہ عرصہ کے دوران، ذاتی سفری خدمات میں 22.92 فی صد اضافہ ہوا اور گزشتہ مالی سال کے دوران 165.540 ملین ڈالرز آمدن ہوئی جو رواں برس جولائی سے نومبر 20-2019 کے دوران بڑھ کر 203.480 ملین ڈالر ہو گئی۔ ان پرسنل خدمات کے علاوہ تعلیم اور صحت سے متعلقہ خدمات میں بالترتیب 49.94 فی صد اور 72.88 فی صد کمی آئی۔ مزیدبرآں، دیگر پرسنل سروسز میں 28.5 فی صد اضافہ ہوا جن میں مذہبی اور سفری خدمات میں بالترتیب 158.70اور 27.90 فی صد اضافہ ہوا۔
دوسری جانب پی بی ایس کے اعداد و شمار کے مطابق، کاروباری خدمات کی برآمدات میں اس عرصہ کے دوران 1.99 فی صد اضافہ ہوا جیسا کہ اس کی برآمدات 2.510 ملین ڈالر سے بڑھ کر 2.560 ملین ڈالر ہو گئیں۔
یہ ذکر کرنا ضروری ہے کہ ملک کے تجارتی خسارے کی خدمات موجودہ مالی سال کے پانچ ماہ کے دوران گزشتہ برس کی نسبت 6.59 فی صد کم ہوئیں۔
پی بی ایس کے اعداد و شمار سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ جولائی، نومبر 20-2019 کے دوران خدمات کی برآمدات میں 2.95 فی صد اضافہ ہوا جب کہ درآمدات میں 1.36 فی صد کمی آئی۔