کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے چیف آپریٹنگ آفیسر سید اعجاز مظہر نے جمعرات کے روز قومی پرچم بردار ایئر لائن پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا اضافی چارج سنبھال لیا ہے۔
اعجاز مظہر نے عہدہ سنبھالنے کے بعد بورڈ آف ڈائریکٹرز اور دیگر حکام سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے موجودہ ورکنگ میکانزم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی۔
قبل ازیں، منگل کے روز سپریم کورٹ نے پی آئی اے کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک کی عہدے پر برقرار رہنے کی اپیل مسترد کر دی تھی جب کہ ”کرایوں میں اضافے“ اور پاکستان ایئر فورس کی ایئرلائن میں تعیناتیوں پر بھی تفتیش کا اظہار کیا تھا۔
دراصل سندھ ہائیکورٹ میں ارشد ملک کی تعیناتی کے خلاف پٹیشن دائر کی گئی تھی جس میں ارشد ملک کو چیف ایگزیکٹو کے طور پر 22 جنوری تک بھرتی کرنے سے روکا گیا تھا جس کے خلاف بعدازاں اپیل دائر کی گئی۔
ایپیکس کورٹ کے فیصلے کے بعد پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا بدھ کے روز کراچی میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں انتظامی امور چلانے کے لیے تین رکنی باڈی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے ارکان میں نوید ملک، طارق کرمانی اور عاطف باجوہ شامل ہیں۔
بورڈ نے اعجاز مظہر کو ایئرلائن کے ڈے ٹو ڈے افیئرز چلانے کے لیے سپروائزری کردار کے لیے تعینات کیا ہے۔