جنوبی ایشیائی اور وسطی ایشیائی معاملات کی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری ایلس ویلز نے وزیراعظم عمران خان کے مشیر رزاق داؤد سے ملاقات کی۔ انہوں نے زرعی شعبے اور دوطرفہ امور پر تعاون کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
ایلس ویلز اتوار کو چار روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں۔ وہ خطے میں دس روزہ دورے پر ہیں۔ پاکستان پہنچنے سے پہلے وہ سری لنکا اور بھارت کا بھی دورہ کر چکی ہیں۔
اسلام آباد میں انہوں نے اہم سرکاری حکام اور سول سوسائٹی کے ممبران کے ساتھ دوطرفہ امور پر بات چیت کی جن میں افغانستان اور مشرق وسطی میں کشیدگی جیسے بڑے مسائل بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ ایلس ویلز نے یہ دورہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ امریکا کے فوراً بعد کیا ہے، جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے صدر اور جنرل سیکرٹری سے ملاقات کی تھی۔
اپنے دورے میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکا کے قانون سازوں کے ساتھ پاکستان امریکا دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی تھی، نیز افغان امن عمل و مسئلہ کشمیر پر بھی تبادلہ خیال کیا تھا۔