قاسم سلیمانی کی ہلاکت، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ

702

عراق: امریکی فضائی حملے میں قدس فورس کے سربراہ کی ہلاکت کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔
عراق میں امریکی فضائی حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایشیا میں اسٹاک مارکیٹ میں ملا جلا رجحان دیکھا گیا جبکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔
امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عراق میں امریکی فضائی حملے کے بعد شنگھائی اور ہانگ کانگ میں بینچ مارکس میں کمی، آسٹریلیا اور کچھ جنوب مشرقی ایشیائی مارکیٹس میں اضافہ دیکھا گیا جبکہ جاپانی مارکیٹیں بند ہوگئیں۔
امریکی آن لائن فاریکس اونڈا کے جیفری ہیلے نے ایک رپورٹ میں کہا کہ سرمایہ کاروں میں بڑے پیمانے پر جغرافیائی و سیاسی غیریقینی پیدا ہوگئی ہے۔
علاوہ ازیں شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس 0.3 فیصد کمی کے ساتھ 3،706.73، ہانگ کانگ کا ہینگ سیکنگ 0.2 فیصد کمی کے 28،482.88 پر پہنچا جب تائیوان اور سنگاپور میں بھی انڈیکس میں کمی آئی۔
دوسری جانب ملائیشیا اور انڈونیشیا کی مارکیٹس میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت بتانے والا برینٹ کروڈ 3 ڈالر کے قریب عارضی اضافے کے بعد لندن میں 2.14 ڈالر اضافے کے بعد 68.39 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبیو ٹی آئی) میں خام تیل 1.68 ڈالر یا 2.8 فیصد اضافے کے 62.86 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا جو یکم مئی کے بعد سب سے زیادہ اضافی ہے۔
یاد رہے جمعہ کوعراق کے دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ کے قریب فضائی حملے میں ہلاک ہونے والے ایران کی القدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی نہ صرف ایرانی فوج کی ایک اہم شخصیت تھے بلکہ پورے خطے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قریب سمجھے جانے والے ملیشیا گروپوں سے تعلق کی وجہ سے بھی کافی مشہور تھے

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here