ایبٹ آباد: مرکزی چیئرمین پاکستان فرنیچر ایسوسی ایشن زاہد حسین نے کہا ہے کہ ایف بی آر اور تاجر تنظیموں کے درمیان مرکزی سطح پر ہونے والے معاہدہ کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، ریجنل ٹیکس آفس ایبٹ آباد کی جانب سے فرنیچر کے تاجروں کو سیلز ٹیکس کے نوٹسز جاری کرنا معاہدہ کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔
وہ مرکزی صدر محمد تاج، جنرل سیکر ٹری عرفان خلیل، نائب صدر سید محمد کے ہمراہ دورہ ایبٹ آباد کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کر رہے تھے۔ انہوں نے ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی کو توجہ دلاتے ہوئے ایف بی آر ایبٹ آباد میں اہلکاروں کے خلاف فوری انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والے معاہدہ کو یہاں سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی ہے، معاہدہ پر عمل سے پہلے اس طرح کی غیر قانونی کارروائیاں تاجروں کو ہراساں کرنے کی کوشش ہیں۔
مرکزی چیئرمین زاہد حسین نے کہا کہ تاجر معیشت میں ریڑھ کی ہڈی سی حیثیت رکھتے ہیں لیکن محکموں کی جانب سے اضافی ٹیکسز سرمایہ کاری میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ ایبٹ آباد فرنیچر ایسوسی ایشن کے اراکین ہارون خالد، محمد سعید، محمد عارف، ضیاء خان، حیدر سلطان، آصف محمود، عمر سعید، ذیشان اور عزیز سلطان نے فرنیچر کے تاجروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ مرکزی عہدیداران نے مختلف مارکیٹس کا دورہ کیا اور مسائل کے حل کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔