حکومت بزنس ریگولیشنز کو آسان بنانے پر کام کر رہی ہے، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ زبیر گیلانی

1011

اسلام آباد: بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیئرمین زبیر گیلانی نے کہا ہے کہ کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے حکومت بزنس ریگولیشنز کو آسان بنانے پر کام کر رہی ہے، اس مقصد کیلئے موجودہ بزنس قوانین کی تمام کمزوریوں اور خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ایڈیشنل سیکرٹری قاسم رضا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ زبیر گیلانی نے کہا کہ ملک میں تقریباً 21 سپیشل اکنامک زون تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور کہا کہ حکومت جوائنٹ وینچرز کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مختلف صنعتی شعبوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے پرعزم ہے تاکہ ملک میں صنعتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنا موجودہ حکومت کی اہم ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے نجی شعبہ میڈ ان پاکستان کے تصو ر کو فروغ دینے میں حکومت سے تعاون کرے۔ انہوںنے کہا کہ ویلیو ایڈیشن کو فروغ دے کر ہی پاکستان عالمی مارکیٹ میں اپنی ساکھ کو بہتر کر سکتا ہے، نجی شعبہ اس جانب پیشرفت کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کاروبار اور سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کرے اور اس سلسلے میں اپنی تجاویز بورڈ آف انوسٹمنٹ کو بھیجے جن پر غور کیا جائے گا۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت سپیشل اکنامک زونز کیلئے تیار کردہ مراعات موجودہ صنعتی علاقوں کو بھی فراہم کرے جس سے صنعتی شعبہ بہتر ترقی کرے گا اور سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے تحت اسلام آباد میں ایک سپیشل اکنامک زون تعمیر کیا جائے گا لہذا چیمبر کو اعتماد میں لے کر مذکورہ زون تعمیر کرنے کی کوشش کی جائے تا کہ مقامی نجی شعبہ ا س میں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع حاصل کر سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کے تحت بننے والے سپیشل اکنامک زونز میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مساوی مواقع فراہم کئے جائیں جس سے ملک کے نجی شعبے کو ترقی کے بہتر مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی تجارتی وفود پاکستان کا دورہ کرتے وقت اکثر چیمبر میں آتے رہتے ہیں، بورڈ آف انویسٹمنٹ کو چاہئے کہ سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں تیار کردہ گائیڈز اور معلوماتی بروشرچیمبر کے ساتھ باقاعدگی کے ساتھ شیئر کرے تا کہ چیمبر کا دورہ کرنے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک کی معیشت کے مختلف شعبوں میں پائے جانے والے سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں بہتر طور پر آگاہ کیا جا سکے۔
انہوںنے کہا کہ مزید سازگار پالیسیوں کے ذریعے سرمایہ کاری منصوبوں میں پبلک و پرائیویٹ پارٹنرشپ کی حوصلہ افزائی کی جائے جس سے ملک کا نجی شعبہ بہتر فروغ پائے گا اور معیشت کو مضبوط کرنے میں مؤثر کردار ادا کرے گا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی نے چیمبر کا دورہ کرنے پر بورڈ آف انوسٹمنٹ کے چیئرمین زبیر گیلانی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تاجر برادری نے سرمایہ کاری کی راہ میں حائل جن مسائل کی نشاندہی کی ہے ان کو حل کرنے کیلئے حکومت اقدامات اٹھائے گی۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سرمایہ کاری کے بہتر فروغ کیلئے تجاویز پیش کی گئی ہیں ان پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔ زبیر احمد ملک، میاں اکرم فرید، طارق صادق، میاں شوکت مسعود، محمد اعجاز عباسی، ظفر بختاوری، زاہد مقبول، نعیم صدیقی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہارکیا اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مفید تجاویز پیش کیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here