پاکستان پہلی مرتبہ 5 کروڑ ڈالر کے سگریٹ برآمد کرے گا

547

اسلام آباد: یوں تو پاکستان سے کئی ممالک میں تمباکو برآمد کیا جاتا ہے لیکن باوثوق ذرائع نے آگاہ کیا کہ اب پہلی مرتبہ 5 کروڑ ڈالر کے سگریٹ بھی بیرون ملک برآمد کئے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی تمباکو کمپنیوں کو گلف ممالک کی جانب سے سگریٹ درآمد کرنے کیلئے ایک بڑا آرڈرز وصول ہوا ہے جس میں سعودی عرب سب سے بڑا درآمد کنندہ ہے۔
اس سے پیشتر بھی کئی مقامی تمباکو اداروں کو سگریٹ کی درآمد کیلئے آرڈر وصول ہوئے تھے لیکن وہ سگریٹ کوالٹی کے معیار پر پورا نہ اتر سکے اور تمام سٹاک ضائع کرنا پڑا۔ پاکستان ٹوبیکو بورڈ میں ایک باوثوق ذرائع نے پاکستان ٹوڈے سے بات کرتے ہوئے کہا ’’اب امپورٹرز کی جانب سے مقرر کئے گئے تمام معیار کامیابی سے پورے کر لئے گئے ہیں اور امید ہے کہ اگلے ماہ مشرق وسطیٰ میں پاکستان میں تیار کردہ سگریٹ برآمد کر دیئے جائیں گے‘‘۔
ذرائع کے مطابق برآمد کیلئے تیار کردہ سگریٹ کے پچھلے سٹاک کو ضائع کر دیا گیا کیونکہ مقامی مارکیٹ میں اس کوالٹی کے سگریٹ کا استعمال نہیں تھا۔ ذرائع نے مزید کہا کہ درآمد کنندہ ممالک کا سگریٹ کیلئے اپنا معیار اور کوالٹی ہے۔
ذرائع نے کہا ’’یہ مثبت پیش رفت ہے کہ پاکستان پہلی مرتبہ اپنی مکمل تیار کردہ مصنوعات برآمد کرے گا۔ گلف کی مارکیٹ میں کامیابی کے بعد دیگر ممالک کو سگریٹ کی برآمد کر سکیں گے‘‘۔
تمباکو کی عالمی تجارت کا حجم 80 ارب ڈالر ہے جبکہ اس میں پاکستان کا حصہ تقریباََ 2.5 کروڑ ڈالر ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ 2.5 کروڑ ڈالر کا تمباکو مشرق وسطیٰ اور کچھ یورپی ممالک میں کو برآمد کیا جاتا ہے جو ملک میں کاشت کئے جانے والے تمباکو کا تقریباََ 30 فیصد ہے۔ باقی تمباکو سے مقامی مارکیٹ کیلئے سگریٹ تیار ہوتے ہیں۔
مالی سال 18-2019 کے اعداد و شمار کے مطابق کم از کم 26 ممالک کو 2.44 کروڑ ڈالر کا کم از کم 10 لاکھ 8 ہزار ٹن تمباکو برآمد کیا گیا۔
تمباکو کے اہم برآمدی مقامات میں کوریا، ملائیشیا، انڈونیشیا، متحدہ عرب امارات، پیراگوئے، سعودی عرب، جرمنی، قازقستان، میانمار، یو کے، کویت، پولینڈ، آسٹریلیا، امریکہ، سنگاپور، کینیڈا، یوکرائن، فلپائن، بنگلا دیش، بیلجیئم، افغانستان، اٹلی، روس، یمن اور بلغاریہ شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here