اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 73یوم میں 650 ارب روپے محصولات جمع کر کے ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
یکم جولائی 2019 سے 11 ستمبر 2019 تک (73 دنوں میں) ایف بی آر نے اگرچہ 650 ارب روپے جمع کئے ہیں مگر مالی سال 2019-20کی پہلی سہ ماہی میں ایف بی آر کو 1072 ارب روپے کے محاصل جمع کرنے کا آئی ایم ایف کے ساتھ کیا گیا وعدہ پورا کرنا ہے۔
اس طرح باقی 19 دنوں میں ایف بی آر کو 422 ارب روپے جمع کرنا ہونگے جو ماضی کی ایف بی آر کی کارکردگی کے تناسب سے ناممکن نظر آ رہے ہیں۔
ایف بی آر کا پہلی سہ ماہی کا ٹارگٹ 1072 ارب روپے رکھا گیا ہے جس میں سے ایف بی آر نے 580 ارب روپے پہلے دو ماہ (جولائی اگست2019) میں جمع کئے ہیں۔
12 سے 30 ستمبر 2019 تک ایف بی آر کو 422 ارب روپے کا ٹارگٹ حاصل کرنا ہے اور اگر یہ ٹیکس جمع ہو گیا تو یہ ایف بی آر کی تاریخ کا نیا ریکارڈ سمجھا جائے گا۔