پاکستان براعظم افریقہ کو اپنی درآمدات کیلئے ایتھوپیا کو ’گیٹ وے‘ بنانا چاہتا ہے: مشیر تجارت

جلد ادیس ابابا کے پاکستانی سفارتخانے میں کمرشل سیکشن کھولا جائیگا: رزاق دائود، ایتھوین ائیر لائن کراچی سے پروازوں کا سلسلہ شروع کریگی: مسگانو آریگا

523

 اسلام آباد: ایتھوپیا کے وزیر تجارت نے پاکستان کے دورے کے موقع پر پاکستانی سرمایہ کاروں کو ایتھوپیا میں ٹیکسٹائل اور مینوفیکچرنگ شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے جبکہ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ پاکستان افریقہ کی جانب تجارت کو بڑھانے کیلیے’’افریقہ پالیسی‘‘ پر عمل پیرا ہے۔

ایتھوپیا کے تجارتی وفد کی وزارتِ تجارت میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں ایتھوپیا کے وزیر مملکت برائے خارجہ مارکوس ٹیکلے، وزیر برائے تجارت و صنعت مسگانو آریگاودیگر شامل تھے، سیکریٹری تجارت سردار احمد نواز سکھیرا وزارت تجارت، وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے، اس موقع پر ایتھوپیا کے وزیر مملکت برائے خارجہ مارکوس ٹیکلے نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

ایتھوپیا کہ وزیر تجارت مسگانو آریگا نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین کاروباری افراد کے مابین روابط بڑھانے کیلیے ٹریڈ سیمینارز، صنعتی اشیاء کی نمائش اور کاروباری وفود کا تبادلہ کی ضرورت ہے۔ پاکستانی سرمایہ کار ایتھوپیا میں ٹیکسٹائل گارمنٹس اور مینوفیکچرنگ شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔

مشیر تجارت عبدالر زاق داؤد نے کہا کہ پاکستان افریقہ کی جانب تجارت کو بڑھانے کیلیے’’افریقہ پالیسی‘‘ پرعمل پیرا ہے، ایتھوپیا اس حوالے سے بہت اہم ملک ہے، پاکستان نے چاول، ٹیکسٹائل اور چمڑے کے علاوہ اب انجینئرنگ کے شعبے سے بھی برآمدات کر رہا ہے، پاکستانی ٹریکٹرزکو موزمبیق، تنزانیہ کے بعد اب انگولا بھی برآمد کرے گا، رواں سال نومبر میں پاکستان نیروبی میںکانفرنس کا انعقادکرے گا، نیروبی کانفرنس میں افریقی ممالک کو مدعوکریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت تجارت کی ’’لُک افریقہ‘‘ پالیسی کے تحت پاکستان افریقہ کو اپنی تجارت کا مرکز بنانا چاہتا ہے اور اس مقصد کیلئے جلد ہی ادیس ابابا میں پاکستانی سفارتخانے میں ایک کمرشل سیکشن کھولا جائیگا

ایتھوپیا کہ وزیر تجارت نے کہا کہ ان کا ملک جلد ہی اسلام آباد میں سفاتخانہ قائم کریگا، انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کو بلیک ٹی اور تیل دار بیج برآمد کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا جلد ایتھوپین ائیرلائن کراچی سے پروازیں شروع کرنے والی ہے جس کیلئے آئی ٹی اور انجنئیرنگ کے شعبوں میں عملہ پاکستان سے بھرتی کیا جائے گا،

فریقین نے ویزوں میں رکاوٹیں دور کرنے اور دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

 

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here