صفحہ اول اہم خبریں ایف بی آر کاٹیکس ریٹرن فائل کرنے کیلئے موبائل ایپ لانچ کرنے...

ایف بی آر کاٹیکس ریٹرن فائل کرنے کیلئے موبائل ایپ لانچ کرنے کا فیصلہ

ایپ کی مدد سے کاروباری شخصیات اور تنخواہ دار افراد اپنے ٹیکس ریٹرن جمع کروا سکتے ہیں

288
اسلام آباد: رواں مالی سال کے لیے ٹیکس ریٹرن فارم متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے لیے موبائل ایپ لانچ کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا۔ انکم ٹیکس ریٹرن ایپ آئندہ ہفتے متعارف کروائی جائے گی۔
اس ایپ کی مدد سے کاروباری شخصیات اور تنخواہ دار افراد اپنے ٹیکس ریٹرن جمع کروا سکتے ہیں۔ تنخواہ دار افراد، انفرادی شخصیات اور ایسوسی ایشنز کے لیے سال 2019 کے ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کے لیے الیکٹرونک فارم ایف بی آر کی ویب سائٹ پر چند ضروری ترامیم کے ساتھ جلد جاری کردیا جائے گا، جبکہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2019 ہے۔
ایف بی آر ترجمان اور ممبر پالیسی ان لینڈ ریونیو حامد عتیق نے کہا ہے کہ ٹیکس آسان موبائل میں ایک نیا آئکن بنایا جائے گا۔ یہ موبائل ایپ ای-ریٹرنز فائل کرنے میں ٹیکس دہندگان کی مدد کرے گی جبکہ یہ گوگل کے پلے اسٹور پر باآسانی دستیاب بھی ہوگی۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کیا یہ ایپ انکم ٹیکس کیلکولیٹر، ہاس رینٹ الانس کیلکولیٹر، رینٹ ریسپٹ جنریٹر یا دیگر کسی معاملے میں ٹیکس دہندگان کی مدد کرے گی یا نہیں؟
ایف بی آر کے ترجمان نے کہا کہ ایپ کے استعمال کو سکھانے کے لیے ایک آن لائن ویڈیو بھی موجود ہوگی جو ٹیکس دہندگان کی مدد کرے گی، یہ نئی ایپ لوگوں کے لیے ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کے کام کو نہ صرف آسان بنائے گی بلکہ اس سے وقت بھی بچایا جاسکے گا۔ حامد عتیق نے بتایا کہ ایف بی آر مخصوص افراد کو لائسنس جاری کر نے کے ضابطے کا مسودہ بھی تیار کر رہا ہے جو بڑی تعداد میں ای-ریٹرنز فائل کر سکتا ہے ۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here