حکومت نے پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) کے چیف ایگزیکٹو عدنان گیلانی کو ہٹا کر شاہد یوسف کو نیا مینجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو تعینات کردیا ہے تاہم اس تعیناتی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔
ایک برقی بیان میں پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سابق چیف ایگزیکٹو عدنان گیلانی اب پی ایل ایل کیساتھ منسلک نہیں رہے اور ادارہ ان کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شاہد یوسف ایل این جی اور گیس سیکٹر میں کافی تجربہ رکھتے ہیں جس سے کمپنی کو اپنے آپریشنز کو ترقی دینے میں مدد ملے گی۔
کمپنی کی جانب سے اعلیٰ عہدے پر اس تبدیلی کی کوئی وجہ تو نہیں بتائی گئی تاہم میڈیا میں چلنے والی ان خبروں کی تردید ضرور کی گئی ہے کہ اعلیٰ عہدے پر اس تبدیلی کا تعلق ادارے میں کرپشن کی تحقیقات سے ہے۔
کمپنی کی جانب سے ایک الگ بیان میں کہا گیا ہے کہ گیلانی کا استعفیٰ نیب تحقیقات کی وجہ سے نہیں آیا، مزید کہا گیا ہے کہ عدنان گیلانی ایک ورلڈ کلاس پروفشنل ہیں اور ان کی زیر قیادت کمپنی نے کافی بہترین نتائج حاصل کیے۔
تاہم عدنان گیلانی کی جانب سے کسی قسم کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔