کامیاب جوان پروگرام چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی ترقی کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا، وزیراعظم عمران خان

220

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور مناسب مواقع ملنے پر وہ ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا سکہ منواتے ہیں۔ کامیاب جوان پروگرام نہ صرف نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی بلکہ چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی ترقی کے فروغ میں بھی ممد و معاون ثابت ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان نے ان باتوں کا اظہار نوجوانوں کی ترقی اور ان کو کاروباری مواقع فراہم کرنے کے سلسلے میں شروع کئے جانے والے ”کامیاب جوان” پروگرام پر بریفنگ لینے کے دوران کیا ۔جمعرات منعقد ہونے والے اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ کامیاب جوان پروگرام کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز ستمبر کے پہلے ہفتے میں کریں گے جس کے تحت یوتھ انٹرپرینیور سکیم، گرین یوتھ موومنٹ، اسٹارٹ اپ پاکستان، انٹرن شپ پروگرام، ہنرمند جوان اور نیشنل انٹر پرینیور پروگرام شروع کئے جائیں گے۔ اجلاس میں وزیرِاعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار، معاون خصوصی نعیم الحق، قائم مقام گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان جمیل احمد، صدر نیشنل بنک آصف عثمانی، صدر بنک آف خیبر سیف الاسلام، صدر بنک آف پنجاب خالد صدیق ترمذی، چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین، چیئرمین این ٹی سی، چیئرمین این آئی ٹی بی، سی ای او سمیڈا و دیگر سینئر افسران شریک تھے۔ معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے وزیرِاعظم کو کامیاب جوان پروگرام پر بریفنگ دی اور پروگرام کے خدوخال سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ سٹرٹیجک روڈ میپ کے پہلے مرحلے میں نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک مرتب کیا جا چکا ہے اور نیشنل یوتھ کونسل تشکیل دی جا چکی ہے۔ دوسرے مرحلے میں کامیاب جوان پروگرام کا باقاعدہ اجراء ستمبر سے کیا جا رہا ہے۔ کامیاب جوان پروگرام کے تحت یوتھ انٹرپرینیور سکیم، گرین یوتھ موومنٹ، اسٹارٹ اپ پاکستان، انٹرن شپ پروگرام، ہنرمند جوان (اسکل فار آل)، اور نیشنل انٹر پرینیور پروگرام شروع کئے جائیں گے۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت ایک مخصوص پورٹل کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ پورٹل کے تحت پروگرام سے استفادہ کرنے والے نوجوانوں کا تمام ریکارڈ مرکزی سطح پرجمع ہو سکے گا اور مستند اور قابل اعتماد ڈیٹا میسر آئے گا۔ ماضی کے پروگرام اور موجودہ حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے کامیاب جوان پروگرام کا تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ ماضی میں نوجوانوں کو کاروبار کے لئے قرض فراہم کرنے کا دائرہ کار نہایت محدود تھا لیکن کامیاب جوان پروگرام کے تحت اس دائرہ کار کو بڑھایا گیا ہے اور قرض کی فراہمی کے لئے دو درجے بنائے گئے ہیں۔ پہلی درجہ بندی میں نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے ایک سے پانچ لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کئے جائیں گے جبکہ دوسری سطح پر پانچ سے پچاس لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لئے قرض کے حصول کے لئے کسی تیسرے فرد کی جانب سے بنکوں کو گارنٹی فراہم کرنے کی شرط کو ختم کر دیا گیا ہے اور نوجوان براہ راست پورٹل کے ذریعے بنکوں سے قرض حاصل کر سکیں گے۔ اس ضمن میں پہلے مرحلے میں تین بنک (نیشنل بنک، بنک آف خیبر اور بنک آف پنجاب) نوجوانوں کو براہ راست قرض فراہم کریں گے۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت پورٹل کے قیام کا مقصد پروگرام میں مکمل شفافیت کو یقینی بنانا اور قرضوں کے حصول میں کسی قسم کے صوابدیدی اختیار، ذاتی پسند نا پسند یا کسی دیگر وابستگی کو ملحوظِ خاطر لائے بغیر میرٹ کی بنیاد پر قرض فراہم کرنا ہے۔ پورٹل کی مدد سے نوجوان آن لائن درخواستیں جمع کرائیں گے جو نہ صرف فوری طور پر بنکوں تک پہنچیں گی بلکہ وزیرِاعظم آفس میں بھی اس کا مکمل ریکارڈ موجود ہوگا اور اس پورے عمل پر نظر رکھی جاسکے گی تاکہ شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ ماضی میں شروع کئے جانے والے پروگرام کے تحت دیئے جانے والے قرضے محض ایک دو شعبوں تک محدود ہو کر رہ گئے تھے۔ کامیاب جوان پروگرام میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، ای ۔کامرس اور اسی طرح کے دیگر جدید شعبوں میں بھی نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے وافر مواقع میسر آئیں۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت پانچ سالوں میں 100 ارب روپے تک کے قرضے تقریباً ڈیڑھ لاکھ نوجوانوں کو فراہم کئے جائیں گے۔ وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کا حصول نہایت آسان بنا دیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here