اسلام آباد: سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے جولائی 2019میں ایک ہزار پانچ سو پچیس نئی کمپنیاں رجسٹر کیں جو کہ گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ میں ہونے والی کمپنی رجسٹریشن کے مقابلہ میں اکیالیس فی صد اضافے کو ظاہر کرتی ہیں۔ نئی رجسٹریشن کے بعد ایس ای سی پی میں کل رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد ایک لاکھ دوہزار آٹھ سو چونسٹھ ہو گئی ہے۔ اس ماہ میں رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں اکہتر فی صد پرائیویٹ لمیٹڈ ‘ پچیس فی صد سنگل ممبرجبکہ چار فی صد میں پبلک ان لسٹڈ ، غیر منافع بخش ایسوسی ایشن اور غیر ملکی کمپنیاں شامل ہیں۔جولائی میں سب سے زیادہ کمپنیاں تجارت کے شعبے میں رجسٹرڈ ہوئیں جن کی تعداد دو سو چھیاسٹھ ہے‘ تعمیرات میں ایک سو چھیاسی‘ انفرمیشن ٹیکنالوجی میں ایک سو تراسی‘ رئیل سٹیٹ اور انجینئر نگ میں چوالیس‘ تعلیم میں تنتالیس، مارکیٹنگ اور ایڈروٹائزنگ میں چالیس ، ٹیکسٹائل میں انتالیس ، کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ میں چھیتیس ، ادویہ سازی میں تیس ،ہیلتھ کئیر میں انتیس ،ٹرانسپورٹ میں اٹھائیس،کیمیکل میں ستائیس ،کان کنی میں چوبیس دیگر شعبوں میں رجسٹر ہوئیں۔