اسلام آباد: سپریم کورٹ نے موبائل کمپنیوں کو آپریشنل اور سروسز فیس کی وصولی سے روک دیا۔ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد سے صارفین کو 100 روپے کا کارڈ ری چارج کرنے پر اب 76 روپے کے بجائے 88 روپے 90 پیسے ملیں گے۔
سپریم کورٹ نے یہ ہدایات موبائل ٹیکس ازخود نوٹس کے تفصیلی فیصلے میں جاری کیں۔ آپریشنل چارجز اور سروسز فیس کی وصولی نہ کیے جانے سے 100 روپے کے ری چارج پر موبائل صارفین کو 12 روپے کی بچت ہو گی۔
بارہ صفحات پر مشتمل فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ ٹیکس وصولی روکنے کے حکم میں وجوہات بیان نہیں کی گئی تھیں۔
عدالت نے قرار دیا کہ ٹیکس وصولی کو عوامی مفاد کے خلاف قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔ حکومت ٹیکس وصول کر سکتی ہے۔ کمپنیاں اپنے آپریشنل اور سروز جارجز کی مد میں 10 فیصد ٹیکس وصول نہ کریں۔
فیصلے پر آج سے ہی عملدرآمد شروع ہو گیا ہے۔
یاد رہے کہ 100 روپے والا موبائل فون کارڈ ری چارج پر 12.5 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس اور 19.5 فیصد سیلز ٹیکس پہلے ہی وصول کیا جا رہا ہے۔ عدالتی فیصلے کے بعد آپریشنل اور سروسز اخراجات اب کمپنیاں خود برداشت کریں گی۔