اسلام آباد: رواں مالی سال 2018-19ء کے ابتدائی گیارہ ماہ کے دوران کاروں کی فروخت میں 4.11 فیصد کمی ہوئی ۔ پاکستان آٹوموٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا مئی 2018-19ء کے دوران کاروں کی فروخت کم ہو کر ایک لاکھ 92 ہزار 863 یونٹس رہ گئی جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران دو لاکھ ایک ہزار 134 گاڑیاں فروخت کی گئی تھیں۔
اسی طرح مئی 2019ء کے دوران بھی کاروں کی فروخت کی شرح میں 9.65 فیصد کی کمی سے فروخت کا حجم 15 ہزار 428 یونٹس تک کم ہو گیا جبکہ اپریل 2019ء کے دوران 17 ہزار 76 کاریں فروخت کی گئی تھیں۔ رپورٹ کے مطابق مئی 2018ء کے دوران 18 ہزار 223 گاڑیاں فروخت کی گئی تھیں۔ پاکستان آٹوموٹو پارٹس اینڈ اسیسریز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاپام) کے سابق چیئرمین مشہود علی خان نے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی اور بینک سے گاڑیوں کی لیز پر تقریباً 20 فیصد کی شرح سود کے باعث گاڑیوں کی فروخت میں کمی ہوئی ہے اور آئندہ مہینوں کے دوران اس میں مزید کمی کا خدشہ ہے۔