قرضوں میں ہوشربا اضافہ، عمران خان نے اعلیٰ سطحی انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان کردیا

474

وزیر اعظم عمران خان نے اعلیٰ سطح کا انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان کر دیا، انہوں نے کہا کہ اس کمیشن میں تمام تحقیقاتی ادارے شامل ہوں گے۔
منگل کے روز قوم سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے اعلیٰ سطح کا انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کمیشن میں سارے تحقیقاتی ادارے شامل ہوں گے، 24 ہزار ارب کا قرضہ کیسے چڑھا؟ انکوائری کمیشن کے ذریعے پتا لگائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انکوائری کمیشن کے ذریعے10سال میں لیے گئے قرضے کی تحقیقات کی جائیگی، اس کمیشن میں ایف بی آر، ایس ای سی پی، آئی ایس آئی ، آئی بی، ایف آئی اے، ایف بی آر، ایس ای سی پی، کے نمائندے شامل ہوں گے اور تحقیقاتی کمیشن کی نگرانی خود کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ 10سال میں ملکی قرضہ 6 ہزارارب روپے سے 30 ہزار ارب روپے ہوگیا، مشرف کے 8 سال کے دور میں 2 ارب ڈالرز کا غیرملکی قرضہ بڑھا، پاکستانیوں کے 10 ارب ڈالرز کے بیرون ملک بینک اکاؤنٹس ہیں۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ بجٹ میں غریبوں کے لیے راشن اور سستے گھر کیلئے رقم مختص کی، پاک فوج نے دفاعی بجٹ میں کمی کا تاریخی فیصلہ کیا، پاکستانی خیرات دینے میں آگے اور ٹیکس دینے میں پیچھے ہیں، ٹیکس دیئے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔
انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ریاست مدینہ کے اصولوں کے تحت بنے گا، مدینہ کی ریاست جدید ریاست تھی، مدینہ کی ریاست کے اصول برابری کی بنیاد پر بنے تھے مدینہ کی ریاست کے اصول مغربی ممالک میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیب میرے نیچے نہیں، آج کی عدلیہ آزاد ہے، چیئرمین نیب ہم نے نہیں بلکہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے لگایا، پہلے دن سے اپوزیشن نے مجھے پارلیمنٹ میں تقریرکرنے نہیں دی، اپوزیشن پر کیسز میں نے نہیں بنائے۔
اپوزیشن چاہتی ہے ان کواین آر او دیا جائے، آج شور مچ رہا ہے کہ زرداری جیل میں ہے، ن لیگ، پیپلزپارٹی اکٹھی ہوگئی، پیپلزپارٹی اور ن لیگ دونوں کی حکومتیں کرپشن کی وجہ سے ختم ہوئیں۔
عمران خان نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے میثاق جمہوریت پر دستخط کیے، دو این آر اوز کی قیمت ملک نے ادا کی، 2008 ء کے بعد ملک پرجوقرضہ چڑھا اسکی وجہ دونوں جماعتوں کی کرپشن ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پیپلزپارٹی اورن لیگ نے کھل کرکرپشن کی، دونوں جماعتوں نے کرپشن کرکے پیسا ہنڈی کےذریعے باہر بھجوایا، ن لیگ نے10 سال میں 4 کمپنیوں سے 30 کمپنیاں بنائیں، زرداری کی ایک سو ارب روپے کی منی لانڈرنگ سامنے آئی، انہوں نے پوری کوشش کی ملک کو تباہ کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اقتدارچھوٹی چیز ہے، چاہے جان چلی جائے، ڈاکوؤں کونہیں چھوڑوں گا، ملک مشکل میں ہے، ہم سب مل کر قربانی دیں گے، عوام میرے ساتھ مل کر پیسہ اکٹھا کریں، 30 جون سے پہلے ایمنسٹی اسکیم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، اس کے بعد بے نامی جائیدایں اور اکاؤنٹس ضبط ہو جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کا مجھ پر اعتماد ہے، ایف بی آر کوٹھیک کروں گا، چند مہینے مشکل ہیں اس کے بعد پاکستان اوپر اٹھے گا اور سرمایہ کاری ہوگی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here