چین امریکہ تجارتی جنگ، گوگل نے چینی کمپنی ہواوے کے ساتھ کاروبار معطل کر دیا

499

نیویارک: گوگل نے چینی کمپنی ہواوے کے ساتھ کاروبار معطل کر دیا۔ گوگل کی جانب سے ہارڈ ویئر، سافٹ ویئر اور کچھ ٹیکنیکل خدمات کو معطل کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکا کا چینی کمپنی ہواوے کو دنیا بھر میں بلیک لسٹ کرنے کے بعد گوگل نے بھی چینی کمپنی کو ہری جھنڈی دکھا دی۔
گوگل ترجمان کے مطابق موجودہ ہواوے اسمارٹ فونز استعمال کرنے والے صارفین کے پاس گوگل کے ذریعے ایپلیکشنز ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت موجود رہے گی جبکہ ہم ہواوے کے ساتھ کاروبار معطل کرنے کے احکامات اور اس کے اثرات کا جائزہ لیں گے۔
گوگل کی جانب سے ہواوے پر پابندی کے بعد ہواوے کے صارفین گوگل پلے اسٹور استعمال نہیں کر سکیں گے بلکہ جی میل اور یوٹیوب ایپس استعمال کی بھی پابندی ہو گی۔
امکان ہے کہ رواں سال گوگل کے اگلے ورژن کے لانچ ہوتے ہی یہ ایپس ہواوے کی ڈیوائسز پر دستیاب نہیں ہوسکیں گی۔ تاہم ہواوے اینڈرائیڈ اوپریٹنگ سسٹم اوپن سورس لائسنس کے ذریعے اس نئے ورژن کو استعمال کر سکے گا۔ہواوے کے صارفین اب صرف اینڈرائیڈ کا پبلک ورژن ہی استعمال کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ ہواوے پر یہ پابندی کمپنی کے لیے کسی دھچکے سے کم نہیں ہے کیونکہ اس سے ہواوے کی فروخت شدید متاثر ہو گی جبکہ پاکستان میں اسمارٹ فونز خریدنے والوں کو خیال رکھنا ہو گا کہ اب وہ کونسا اسمارٹ فون خریدیں۔
گوگل کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں ڈھائی ارب کے قریب ایکٹیو اینڈرائیڈ کسٹمرز موجود ہیں جبکہ ہواوے کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس پابندی کی وجہ سے اینڈرائیڈ کے مقابلے میں سوفٹ ویئر پر کام شروع کر دیا ہے تاہم اس نئے سوفٹ ویئر کو ابھی صرف چائنہ میں ہی متعارف کرایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے اور اس کی 70 سے زائد ذیلی اور اس سے منسلک کمپنیوں کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here