اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی صورتحال اور بجٹ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ وفاقی بجٹ 11 جون کو پیش کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ حفیظ شیخ نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق مشیر خزانہ نے وفاقی کابینہ کو آئندہ مالی سال کے بجٹ پر اعتماد میں لیا۔
مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اگلے سال میں معیشت کو ٹریڈنگ سے مینوفیکچرنگ تک لے جانے کے اقدامات کریں گے، آئندہ بجٹ میں شرح نمو 4 فیصد اور مہنگائی کی شرح 7.2 فیصد رکھی جائے گی۔
حفیظ شیخ نے بتایا کہ رواں مالی سال کے آخر تک ریونیو وصولیاں 42 سو ارب تک ہونے کی توقع ہے، آئندہ مالی سال کے لیے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 5550 ارب روپے رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ خسارہ 7.1 فیصد رہنے کی توقع ہے، رواں مالی سال میں مجموعی حکومتی قرض 30 ٹریلین روپے رہنے کی توقع ہے۔