کراچی: پاکستان ریلوے نے عید الفطر پر اضافی رش کے پیش نظر 5 اسپیشل ٹرینیں چلانے اور عید کے پہلے روز کرایوں میں 50 فیصد کمی کا اعلان کردیا ہے۔
ترجمان پاکستان ریلوے کے مطابق پہلی عید اسپیشل ٹرین کراچی سٹی اسٹیشن سے 2 جون کی صبح 10 بجکر 45 منٹ پر پشاور کے لیے روانہ ہوگی اور دوسری ٹرین 2 جون کو کوئٹہ سے دن ساڑھے 11 بجے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی۔
ترجمان کے مطابق تیسری اسپیشل ٹرین 3 جون دن 11 بجے کراچی کینٹ سے لاہور کیلئے جبکہ چوتھی ٹرین 8 جون کو راولپنڈی سے صبح 8 بجے کوئٹہ کیلئے روانہ ہو گی. پانچویں ٹرین 8 جون کو لاہور سے شام 6 بجے کراچی کینٹ کے لیے روانہ ہوگی۔
ترجمان ریلوے کے مطابق عیداسپیشل ٹرینوں کی بکنگ 29 مئی سےشروع ہوجائے گی، ٹکٹ آن لائن اور ریزرویشن دفاتر سے حاصل کیے جاسکیں گے۔
کرایوں میں کمی کا اعلان
پاکستان ریلوے نے عید کے پہلے دن تمام ٹرینوں کے مسافروں کیلئے کرائے میں 50 فیصد کمی کا اعلان کردیا جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق رعایت ٹرین کی نشستوں کی ایڈوانس ریزرویشن کروانے والے مسافروں کے لیے ہوگی اور کرایوں میں کمی کا اطلاق تمام ٹرینوں اور کلاس پر ہوگا۔