ترجمان آئی ایم ایف جیری رائس کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ کے بیل آؤٹ پیکج سے پاکستان معاشی طور پر مضبوط اور اقتصادی ترقی بڑھ جائے گی۔
واشنگٹن میں صحافیوں کو قرض پروگرام سے متعلق عالمی مالیاتی ادارے کے ترجمان جیری رائس نے آئی ایم ایف کے قرض پروگرام کی پاکستان کیلئے اہمیت اور فوائد سے متعلق آن لائن بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول مذاکرات 12 مئی کو مکمل ہوئے جس کے تحت پاکستانی حکام کے ساتھ 6 ارب ڈالر پروگرام پر بات چیت مکمل ہوئی ہے، اس پروگرام سے پاکستان کیلئے قرضوں کا دباؤ کم ہوگا۔
ترجمان جیری رائس نے آن لائن بریفنگ میں بیل آؤٹ پیکج کے کے فوائد اور ممکنہ اثرات بیان کئے اور بتایا کہ آئی ایم ایف پاکستان میں معاشی اصلاحات چاہتا ہے، یہ قرض پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کرے گا، پاکستان میں سماجی شعبوں کیلئے اخراجات بڑھیں گے، بنیادی ڈھانچے اور انسانی وسائل کی بہتری ممکن ہوگی، ان اقدامات کے ذریعے پاکستان میں معاشی اصلاحات چاہتے ہیں۔
جیری رائس کا مزید کہنا تھا کہ اس پروگرام کے بعد پاکستان میں سماجی شعبوں کے لیے اخراجات بڑھنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں انفرا اسٹرکچر اور انسانی وسائل کی بہتری ممکن ہوگی۔