بیجنگ: چین اور پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ انسداد دہشت گردی اور افغانستان میں قیام امن کیلئے دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید فروغ دیں گے، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ کی تعمیر و ترقی کیلئے بھی پاک چین تعلقات میں اضافہ کیا جائے گا، دونوں ممالک اہم معاملات پر باہمی مشورہ کے ذریعے اپنے تحفظات کا اظہار کریں گے۔تفصیلات کے مطابق ترجمان چینی وزارت خارجہ لوکھانگ نے گزشتہ روزاپنی کی معمول کی پریس بریفنگ میں میڈیا کو بتایا کہ بدھ کے روز بشکک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزراء خارجہ کے اجلاس میں سائیڈ لائن ملاقات میں چینی وزیرخارجہ وانگ ژی اور پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اعادہ کیا ہے کہ پاک چین انسداد دہشت گردی اور افغانستان میں قیام امن کیلئے ایک دوسرے سے مزید تعاون کریں گے، عالمی سطح کے اہم معاملے میں دونوں ممالک مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیں گے۔ جنوبی بحیرہ چین کے بارے میں امریکی روبیو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے چینی ترجمان نے کہاکہ یہ چین کی سلامتی اور خود مختاری کا معاملہ ہے امریکہ آئندہ ہمارے داخلی معاملات میں ٹانگ نہ اڑائے۔