اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے چینی موبائل کمپنی ہواوے ٹیکنالوجیز کے صدر برائے ایشیاء و مشرق وسطیٰ چارلس یانگ نے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔
پاکستان میں ہواوے ٹیکنالوجیز کے سی ای او بھی اس موقع پر موجود تھے. ملاقات کے دوران پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ ہواوے سمیت بہت سی کمپنیاں کامیابی سے پاکستان میں منافع بخش کاروبار کر رہی ہیں اور حکومت کی مثبت کاروباری پالیسیوں سے فائدہ اٹھا رہی۔
صدر ہواوے ٹیکنالوجیز نے کہا کہ وہ اگلے 5 برسوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ کرنے جا رہے ہیں جس سے کثیر اقتصادی مواقع میسر آئیں گے۔