اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے غیر رجسٹرڈ اداروں کے لئے سیکیوررڈ ٹرانزیکشن رجسٹری کی ذمہ داریاں سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کو سونپے جانے کے بعد ایس ای سی پی میں سکیورڈ ٹرانزیکشن رجسٹری قائم کر دی گئی ہے۔
یہ رجسٹری کاروباری اداروں کے قابل انتقال اثاثہ جات پر بنائے جانے والے چارجز اور سکیورٹی انٹریسٹ رجسٹر کرے گی۔ فنانشل انسٹی ٹیوشن سکیورڈ ٹرانزیکشنز ایکٹ 2016 کے تحت قائم کی گئی ہے۔ اس رجسٹری کا مقصد ایک ایسے مکمل قانونی فریم ورک کی تشکیل ہے جس کے ذریعے غیر رجسٹرڈ کاروباری اداروں کے قابل انتقال اثاثوں پر بنائے جانے والے سکیورٹی انٹریسٹ کو رجسٹر کرنے کی سہولت فراہم کی جائے۔
اس رجسٹری کا قیام اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزیز اور زرعی شعبے سے تعلق رکھنے والوں کو اپنے قابل انتقال اثاثوں، جیسے کہ حقوق دانش، زرعی اجناس، پیٹرولیم یا منرل، موٹر وہیکلز، انونٹری وغیرہ کے عوض مالی اداروں سے قرض کے حصول میں سہولت فراہم کرے گا۔