اسلام آباد: رواں مالی سال کے ابتدائی 8 مہینوں میں بھارت کو پاکستانی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بنک آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2018ء سے فروری 2019ء تک کے دوران بھارت کو برآمدات سے پاکستان کو 273.530 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 1 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں بھارت کو پاکستانی مصنوعات کی برآمدات سے 270.843 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہواتھا.
اعدادوشمارکے مطابق اس عرصہ میں بھارت سے درآمدات میں اضافہ کی شرح 4.59 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
رواں مالی سال کے ابتدائی 8 مہینوں میں بھارت سے درآمدات پر پاکستان نے 1145.941 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف کیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں بھارت سے درآمدات پر پاکستان نے 1095.595 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف کیا تھا۔
اعدادوشمارکے مطابق اس عرصہ میں بھارت کے ساتھ اشیاءاورخدمات کی تجارت میں خسارہ کی شرح 5.7فیصد رہی۔