اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں تعاون کرے گا

232

اسلام آباد: اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر بندرالحجار نے کہا ہے کہ ان کے بینک گروپ کے پاکستان کے ساتھ تعلقات 40سال سے زائد عرصے پر مشتمل ہیں اور گروپ پاکستان کو اپنی معیشت کو مضبوط بنانے اور عوام کا معیار زندگی بہتر کرنے کی کوششوں میں مدد کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایک عشایے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ان کے اعزاز میں کیا ۔ ڈاکٹر بندر الحجار نے کہا کہ ان کا بینک پاکستان کے ساتھ سائنس، ٹیکنالوجی، انوویشن، ویلیو چین، اکنامک ایمپاورمنٹ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے شعبوں میں تعاون کرنا چاہتا ہے تا کہ حکومت نے حال ہی میں جو اقتصادی اصلاحات کا جو روڈ میپ جاری کیا ہے اس کے حصول میں بینک پاکستان کی مدد کر سکے۔ انہوںنے اس موقع پر تاجر بردری کے ساتھ ایک نیا ترقیاتی ماڈل بھی شیئر کیا جس کی تفصیل انہوںنے اپنی کتاب میں بیان کی ہے جس کا اجرا اسلامی ترقیاتی بینک کی 2019میں منعقد ہونے والی سالانہ میٹنگ میں کیا گیا۔ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے ڈاکٹربندر الحجار اور ان کے وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کیا اور کہا کہ بینک نے اب تک پاکستان کو مختلف منصوبوں کی تکمیل کے لیے 12ارب ڈالر سے زائد کی فنڈنگ فراہم کی ہے جو قابل تعریف ہے کیونکہ اس سے ہماری معیشت کو کافی فائدہ پہنچا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اسلامی ترقیاتی بینک نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، جامشورو پاور سٹیشن اور کاسا 1000سمیت دیگر منصوبوں میں پاکستان کو فنانسنگ فراہم کر رہا ہے جس سے ملک میں توانائی کا مسئلہ حل ہو گا اور صنعت و تجارت اور سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے گا۔ اس طرح اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کی معیشت کو بہتر کرنے کی کوششوں میں بہت اہم کردار ادا کر رہا ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بینک آئندہ بھی پاکستان کی معیشت کومستحکم کرنے کی کوششوں میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ اسلامی ترقیاتی بینک کے وفد کے اراکین نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا بھی دورہ کیا اور تاجر برادری کے ساتھ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں اسلامک کارپوریشن فار ڈویلپمنٹ آف پرائیویٹ سیکٹر، انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن، اسلامک کارپوریشن فار انشورنس اینڈ ایکسپورٹ کریڈیٹ اور اسلام ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے نمائندگان شامل تھے۔ وفد نے اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ ایک جوائنٹ فنڈ قائم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا جو چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو ترقی کی کوششوں میں مدد کر سکے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید، خالد جاوید، طارق صادق، خالد اقبال ملک، شیخ عامر وحید، محسن خالد، شعبان خالد، خالد ملک، محمد احمد اور دیگر نے وفد کو مختلف کاروباری مصنوبوں کے بارے میں بتایا جن میں اسلامی ترقیاتی بینک گروپ ان کے ساتھ تعاون کر سکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here