کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا: وزیراعظم عمران خان

5 سال میں 50 لاکھ گھربنانا مشکل منصوبہ ہے، اگر مشکل نہ ہوتا تو گزشتہ حکومتیں یہ کام کرچکی ہوتیں. یہ مشکل کام ہماری حکومت ہی کرے گی: رینالہ میں نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبہ کا افتتاح

542

لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا. انہوں نے کہا کہ 5 سال میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر ایک مشکل منصوبہ ہے لیکن اگر یہ منصوبہ مشکل نہ ہوتا تو گزشتہ حکومتیں یہ کام کرچکی ہوتیں. یہ مشکل کام ہماری حکومت ہی کرے گی، آسان کام گزشتہ حکومتیں کرچکیں۔

وزیر اعظم نے بلوچستان کے بعد پنجاب میں بھی نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ رینالہ خورد میں سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں وزیر اعظم کے علاوہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اچھے معاشرے کمزور طبقے کی فکر کرتے ہیں، جس معاشرے میں احساس نہ ہو وہ کبھی آگے نہیں بڑھتا، آج مغربی معاشرے میں جو چیز ہمیں نظر آئے گی وہ احساس ہے، وہ کمزور طبقے کی فکر کرتے ہیں کیونکہ یہ ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ کمزور طبقے کا احساس کرے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جو ماڈل دیا اس میں احساس تھا، مدینہ کی ریاست میں پیسہ نہیں تھا لیکن اس کے باوجود انہوں نے یہ ثابت کیا کہ جب ریاست میں احساس ہو تو اللہ کی طرف سے مدد ہوتی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سویڈن، ناروے اور ڈنمارک کا نظام دیکھیں تو نظر آئے گا کہ انہوں نے وہ نظام اپنایا ہے جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ میں اپنایا تھا، یہ انسانیت کا نظام ہمارا نظام تھا جو آج اُدھر چلا گیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری یہی کوشش ہے کہ پاکستان کے مشکل ترین معاشی حالات میں اس طبقے کے لیے 50 لاکھ گھر بنائیں جو اپنا گھر نہیں بناسکتا، اس سب کے لیے ہم بینکوں کو راضی کریں گے، قانون بدلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے قوانین بنانے تھے تاکہ بینک گھروں کے لیے قرض دے سکیں، لیکن اب 50 لاکھ گھر نجی شعبہ بنائے گا، حکومت اس کی مدد کرے گی. اس سے نوجوانوں کو روزگار ملے گا اور 40 صنعتیں آگے بڑھیں گی جس سے ملک میں خوشحالی آئے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ لوگ بہت برے حالات میں کچی آبادی میں رہتے ہیں، تاہم اس کے لیے بھی پروگرام لارہے ہیں اور وہاں بہترین فلیٹس بنائیں گے تاکہ انہیں بنیادی سہولت میسر ہوں اور اس کے لیے ہم چین کی نئی تکنیکی مہارت سے مدد حاصل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ منصوبے میں بیرون ملک کے بہت زیادہ سرمایہ کار دلچسپی لے رہے ہیں، جو لوگ کہتے ہیں کہ یہ ناممکن ہے وہ دیکھیں گے کہ ہر سال اس منصوبے میں تیزی آئے گی اور ان لوگوں کو موقع ملے گا جو کبھی اپنا گھر بنانے کا سوچ نہیں سکتے تھے۔

بدعنوانی اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا: وزیراعظم عمران خان

قبل ازیں ہفتہ کو لاہور میں وزیر اعظم سے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اعجاز حسین شاہ نے ملاقات کی. ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ کرپشن کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کرپشن کے ناسور نے نہ صرف ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے بلکہ اداروں کو تباہ کرکے رکھ دیا ہےاور عام آدمی کی زندگی کو متاثر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا، کرپشن کے خاتمے اور بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی کو ایک مشن سمجھ کر پورا کیا جائے۔ حکومت اس ضمن میں ہر ممکنہ تعاون فراہم کرے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here