خسارہ زدہ اداروں کا مزید بوجھ نہیں اٹھا سکتے، نجکاری کرنا ہوگی: عبدالرزاق دائود

مہنگائی صرف پاکستان کا ہی مسئلہ نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی مہنگائی بڑھ رہی ہے: مشیر وزیراعظم کا تقریب سے خطاب

218

لاہور: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کو فعال بنانا ہوگا، ایسے اداروں کا مزید بوجھ اب نہیں اٹھائیں گے بلکہ ان کی نجکاری کردی جائے گی۔

ہفتہ کو لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو درست ڈگر پر ڈالنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، برآمدات اور درآمدات کا فرق کم کیا جارہا ہے، حکومت ایسے فیصلے کررہی ہے جس سے دوررس نتائج نکلیں.

انہوں‌نے کہا کہ مہنگائی میں کمی لانے کے لیے تمام محکموں کو مل کر کام کرنا ہوگا جبکہ مہنگائی صرف پاکستان کا ہی مسئلہ نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی مہنگائی بڑھ رہی ہے۔

رزاق دائود نے مزید کہا کہ حکومت ایسا کچھ نہیں کرے گی جس سے عوام کو فائدہ نہ پہنچے، وزیراعظم عمران خان کا وژن عوام کو آسانیاں دینا ہے تاہم تھوڑا سا وقت لگے گا۔

مشیروزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 5 سالوں میں ملک میں صنعتیں بند ہوگئیں، برآمدات میں کمی ہوئی مگر اسحاق ڈار نے اس کا نوٹس نہیں لیا، گزشتہ حکومتوں نے حقائق عوام کو نہیں بتائے، ہم نے درآمدات کرنے والی قوموں میں شامل نہیں ہونا بلکہ اپنی صنعتوں کا خیال رکھنا ہوگا۔

مشیر تجارت نے بتایا کہ اب ٹریکٹر پاکستان میں مکمل طور پر بن رہا ہے اور ہم افریقی ممالک کو ٹریکٹر بر آمد کررہے ہیں، ایسی صنعتوں کو فروغ دے رہے ہیں جس سے روزگار بڑھے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here