بجٹ کیلئے غیر ملکی مالی معاونت کے تحت حکومت کو 9 ماہ کے دوران 27 فیصد کم فنڈز ملے، اقتصادی امور ڈویژن

598

اسلام آباد: رواں مالی سال 2018-19ء کے پہلے 9 ماہ میں جولائی تا مارچ کے دوران بجٹ کے لئے غیر ملکی مالی معاونت کے تحت حکومت کو 27 فیصد کم فنڈز ملے ہیں۔ اقتصادی امور ڈویژن (ای اے ڈی) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9 مہینوں کے دوران بجٹ کے تحت غیر ملکی مالی معاونت کی مد میں 5.84 ارب ڈالر وصول ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران غیر ملکی معاونت کے تحت 7.91 ارب ڈالر کی وصولی ہوئی تھی۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران بجٹ کے تحت مختلف منصوبوں کے لئے غیر ملکی معاونت کی مد میں 2.07 ارب ڈالر کم ملے ہیں اور اس میں 27 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے دوران ملنے والی مالی معاونت میں سعودی عرب سے ملنے والے 3 ارب ڈالر اور متحدہ عرب امارات سے ملنے والے 2 ارب ڈالر شامل نہیں ہیں۔ ای اے ڈی کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال کے بجٹ میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بجٹ میں 9.69 ارب ڈالر کی غیر ملکی معاونت کا تخمینہ پیش کیا تھا جس میں 394.34 ملین ڈالر کی گرانٹ جبکہ 9.297 ارب ڈالر کے قرضہ جات شامل تھے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here