اسلام آباد: رواں سیزن کے دوران پاکستان میں گندم کی پیداوار مقررہ ہدف 25.51 ملین ٹن کے برعکس 25.16 ملین ٹن رہنے کی توقع ہے۔
وفاقی زرعی کمیٹی (Federal Committee on Agriculture) نے روا ں سیزن میں گندم کا پیداواری ہدف 25.51 ملین ٹن مقرر کیا تھا تاہم مقررہ ہدف کے برعکس گندم کی قومی پیداوار میں 3 لاکھ 50 ہزار ٹن کمی کا امکان ہے.
زراعت اور ماحولیات کے شعبہ کے ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گندم کی کٹائی سے قبل ہونے والی بارشوں، آندھی اور ژالہ باری سے پیداوار مزید کم ہو سکتی ہے کیونکہ غیر متوقع موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے دیگر پھلوں اور سبزیوں کے علاوہ گندم کی فصل بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔
ادھر ادارہ برائے شماریات پاکستان (Pakistan Bureau of Statistics) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2018-19ء کے ابتدائی 9 ماہ (جولائی تا مارچ) کے دوران گندم کی قومی برآمدات کا حجم 80 فیصد نمایاں اضافہ کیساتھ 5 لاکھ 58 ہزار ٹن رہا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 3 لاکھ 7 ہزار ٹن گندم برآمد کی گئی تھی۔
پی بی ایس کے مطابق بالحاظ مالیت بھی گندم کی برآمدات گزشتہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران 60 ملین ڈالر رہی تھیں جبکہ جاری مالی سال کے دوران 122 ملین ڈالر مالیت کی گندم برآمد کی گئی ہے۔