ریاض: اضافی ٹیکس کے نفاذ کی وجہ سے سعودی عرب میں سگریٹ کی درآمدات میں 43 فیصد سے زائد کمی ہوئی ہے۔
عرب ٹی وی نے سعودی محکمہ کسٹم کے جاری کردہ اعدادو شمار کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ سال مجموعی طور پر 1.78 ارب ریال کی سگریٹ درآمد کی گئی جبکہ اس کے مقابلے میں 2017ء میں 3.13 ارب ریال کی سگریٹ درآمد کی گئی تھیں۔
محکمہ کسٹم نے کہا کہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں 8.72 ٹن سگریٹ درآمد کیے گئے جن کی مجموعی مالیت 500 ملین ریال ہے۔
محکمہ کسٹم نے کہا ہے کہ مخصوص اشیاء پر ٹیکس کی وجہ سے عوام سگریٹ نوشی ترک کررہے ہیں. حکومت نے گزشتہ سال سگریٹ اورتمباکو سے بننے والی تمام اشیاء کے علاوہ سافٹ اور انرجی ڈرنکس پر 100فیصد تک ٹیکس نافذ کیا تھا جس کے نتیجے میں سگریٹ کی قیمتیں دگنی ہوگئی تھیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک نے مضر صحت اشیا کے علاوہ آسائش کے زمرے میں آنے والی اشیاء پر بھی اضافی ٹیکس لگا دئیے تھے۔