اسلام آباد: ایوان صنعت و تجارت اسلام آباد کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے موقع پر پاکستان نے چین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر دستخط کئے ہیں جو ایک مثبت پیش رفت ہے،پاکستان اگر چین کی مارکیٹ تک بہتر رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو ہماری برآمدات میں کئی گنا اضافہ ہو سکتا ہے جس سے ہمارے زرمبادلہ کے مسائل بہتر طور پر حل ہو سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور چین نے دوسرے آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کردیئے
اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چین کی کھربوں ڈالر کی برآمدی مارکٹ ہے کیونکہ 2018ء میں چین کی کل درآمدات 2 کھرب ڈالر سے زائد تھیں جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستان کیلئے چین کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کے وسیع مواقع پائے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین نے آزاد تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے میں پاکستانی مصنوعات کو اپنی 90 فیصد مارکیٹ تک رسائی فراہم کرنے کا عندیہ دیا ہے جو خوش آئند ہے۔
انہوں نے پاکستان کے پیداواری شعبے پر زور دیا کہ وہ اپنی مصنوعات کا معیار مزید بہتر کرنے کی کوشش کرے تا کہ پاکستان چین کے ساتھ تجارت کا توازن بہتر کر کے معیشت کیلئے زیادہ فائدہ مند نتائج حاصل کر سکے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سینئر نائب صدر رافعت فرید اور نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے اگلے مرحلے کے تحت پاکستان اور چین نے صنعتی تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے جس کے تحت پاکستان میں سپیشل اکنامک زون قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے اب دونوں ممالک سپیشل اکنامک زون تعمیر کرنے کا عمل تیز کریں گے تا کہ پاکستان اور چین کے نجی شعبوں کو ان زونز میں سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچز کے بہتر مواقع میسر آئیں جس سے پاکستان میں صنعتکاری کا عمل تیز ہو گا اور عوام کیلئے روزگار کے بھی بہت سے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
مزید پڑھیں: چین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے سے مقامی صنعت کو فروغ ملے گا: فردوس عاشق اعوان