رواں مالی سال کے دوران پاکستان کے 11 شعبوں میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ

ان شعبوں میں ٹیکسٹائل، کیمیکلز، فارماسیوٹیکل اور الیکٹریکل مشینری شامل ہیں جن کے حجم میں 50 سے 800 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا

151

رواں مالی سال کے دوران پاکستان کے 11 صنعتی شعبوں میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ( Foreign Direct Investment) میں اضافہ ہوا ہے جن میں ٹیکسٹائل، کیمیکلز، فارماسیوٹیکل اور الیکٹریکل مشینری شامل ہیں جن کے حجم میں 50 سے 800 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے.

رواں مالی سال 19-2018 کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 51 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی جس کی سب سے بڑی وجہ بجلی کے شعبے میں چینی سرمایہ کاری کی ادائیگی تھی جس نے دیگر صنعتی شعبوں پر مرتب ہونے والے مثبت اثرات کو بھی ختم کردیا۔

چینی سرمایہ کاری کی ادائیگی کا حجم 29 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہا جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران اس نے 92 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی۔

جن شعبوں میں رواں مالی سال کے دوران سرمایہ کاری کی گئی ان میں برقی آلات کی صنعت تھی جس میں تقریباً 813 فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ مالی سال کے ایک کروڑ 38 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں بڑھ کر 12 کروڑ 66 لاکھ ڈالر ہوگیا۔

دوسرے نمبر پر ٹرانسپورٹ کا شعبہ تھا جس میں رواں مالی سال کے دوران 8 کروڑ 96 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں تقریباً 663 فیصد زیادہ ہے۔

اسی طرح کیمیکل کے شعبے میں سرماریہ کاری کا حجم 11 کروڑ 39 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کے 2 کروڑ 76 لاکھ ڈالر سے 332 فیصد زیادہ ہے۔

فارماسیوٹیکل سیکٹر میں رواں مالی سال میں 247 فیصد زائد سرمایہ کاری ہوئی جو پہلے ایک کروڑ 47 لاکھ ڈلر تھی تاہم اب 5 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہے۔

ٹیکسٹائل سیکٹر میں گزشتہ مالی سال کے دوران 3 کروڑ 36 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی تھی تاہم رواں برس اس میں 50 فیصد اضافہ ہوا جو اب بڑھ کر 5 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہوگئی۔

خیال رہے کہ گزشتہ 2 برس کے دوران پاور سیکٹر اور تعمیراتی شعبے میں سرماریہ کاروں کے لیے مرکز نگاہ رہا ہے، تاہم اس کے مقابلے میں دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری معمول سے بھی کم رہی تھی۔

تاہم اگر موجودہ اعداد و شمار کو سرمایہ کاری میں تبدیلی کے طور پر دیکھا جائے تو یہ مقامی صنعت کے دیگر شعبوں کے لیے حوصلہ افزا ہوسکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here