مشیر خزانہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد حفیظ شیخ کی وزیر اعظم سے پہلی ملاقات

آئندہ بجٹ 24 مئی کو پیش کیا جاسکتا ہے، تیاری کی ہدایت جاری کردی ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا عمل بھی تیز کیا جائے گا: میڈیا سے گفتگو

978

اسلام آباد: نئے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے اپنے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیراعظم کو آئی ایم ایف حکام کیساتھ ہونے والی گفتگو پر اعتماد میں لیا.

عبدالحفیظ شیخ ہفتے کو کراچی سے اسلام آباد پہنچے جہاں انہوں نے وزارت خزانہ کے دفتر پہنچ کر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

وزیراعظم سے ملاقات سے قبل صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا کہ وزارتِ خزانہ میں امور اسی طرح چلانے کی کوشش کریں گے جیسے پہلے چل رہے تھے۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق مشیر خزانہ نے بتایا کہ بجٹ 24 مئی کو ہی پیش کیا جاسکتا ہے اور اسکی تیاری کی ہدایات جاری کردی ہیں.

انہوں‌ نے کہا کہ وزارت خزانہ کے حکام کے ساتھ آئندہ مالی سال کے بجٹ، ملکی آمدن اور اخراجات پر کام کرنے سے متعلق بات چیت ہوئی ہے.

مشیر خزانہ نے بتایا کہ حکام کو وسط مدتی حکمتِ عملی کا مسودہ تیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے جسے رواں ماہ کے اختتام پر کابینہ کو ارسال کیا جائے گا۔

حفیظ شیخ نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا عمل آگے بڑھانا چاہتا ہے جسے مزید تیز کیا جائے گا. آئی ایم ایف نے مشن جلد پاکستان بھیجنے کا کہا ہے.

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے مشن ہیڈ سے آج شام بات کروں گا، مشن جلد از جلد پاکستان آئے گا۔

عبدالحفیظ شیخ ریونیو اور اقتصادی امور کی وزارتیں بھی دیکھیں گے جبکہ ان کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here