ایمنیسٹی سکیم پر وفاقی کابینہ میں اختلاف، آئندہ اجلاس تک مؤخر کردی

کئی ارکان نے کہا کہ جس ایمنسٹی اسکیم پر تنقید کرتے رہے اسی کو لایا جا رہا ہے، عوام کو کیا جواب دینگے؟ وزیراعظم نے بھی کہا کہ ایمنسٹی اسکیمیں پارٹی منشور کے خلاف تھیں، اگر اسکیم لانی ہے تو قوم کو اعتماد میں لینا ہو گا

565

اسلام آباد: وفاقی کابینہ اثاثے ظاہر کرنے کی ایمنسٹی اسکیم کے معاملے پر تقسیم نظرآتی ہے اس لیے حکومت نے اثاثہ جات ڈیکلریشن اسکیم کابینہ کے آئندہ اجلاس تک مؤخر کردی ہے جس کی اطلاع سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ کے ذریعے دی.

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کرپشن اور منی لانڈرنگ سمیت ایمنسٹی اسکیم کا بھی جائزہ لیا گیا تاہم اجلاس میں ایمنیسٹی سکیم کے معاملے پر کابینہ ارکان تقسیم نظر آئے.

نجی ٹی وی چینل نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کابینہ اجلاس کے دوران اثاثہ جات ظاہر کرنے کے حوالے سے ایمنسٹی اسکیم پر کابینہ ارکان میں اختلاف نظر آیا. ارکان نے کہا کہ جس ایمنسٹی اسکیم پر ہم تنقید کرتے رہے اسی کو اب لایا جا رہا ہے، عوام کو کیا جواب دیں گے؟

نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق خود وزیر اعظم عمران خان نے مذکورہ سکیم کے‌حوالے سے کہا کہ ایسی ایمنسٹی اسکیمیں پارٹی کے منشور کے خلاف تھیں، اگر ایمنسٹی اسکیم لانی ہے تو قوم کو پہلے اعتماد میں لینا ہو گا اور یہ بتانا ہوگا کہ اس کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ جب تک پوری کابینہ مطمئن نہیں ہو گی اسے منظور نہیں کیا جائے گا.

وزیر اعظم عمران خان نے بھی ایمنسٹی اسکیم کے معاملے پر مزید مشاورت کی ہدایت کرتے ہوئے کابینہ ارکان سے تجاویز دینے کا کہا تھا جس کے بعد اجلاس بدھ کی سہ پہر2 بجے طلب کیا گیا تھا.

بدھ کو دوبارہ اجلاس ہوا تو ایک بار پھر اسکیم کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا گیا اور کابینہ ارکان نے اثاثہ جات ڈیکلریشن اسکیم پر تجاویز دیں جبکہ وزیر خزانہ اسد عمر نے اسکیم پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا۔

تاہم وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اس حوالے سے ٹوئٹر پر بتایا کہ بدھ کو ہونے والے اجلاس میں کابینہ نے اثاثہ جات ڈیکلریشن اسکیم کا شق وار تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا لیکن کچھ پہلوئوں پر مزید کام اور بہتری کی ضرورت ہے. انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم کابینہ کے آئندہ اجلاس تک مؤخر کردی گئی ہے.

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here