لاہور : رمضان المبارک سے قبل سبزیوں اور مرغی کے گوشت کے ریٹ بڑھ گئے ، شہری بلبلا اٹھے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں رمضان المبارک سے قبل ہر سبزی میں 40 سے 60 روپے تک کا خوفناک اضافہ کر دیا گیا جبکہ چکن کی قیمت بھی ایک ہفتے میں 200 سے بڑھ کر 281 روپے ہو گئی ۔ لاہور میں سبزیوں اور مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں صرف ایک ہفتے کے دوران 40 سے60روپے تک کے خوفناک اضافے سے شہری بلبلا اٹھے، جبکہ شہریوں کے ساتھ دکانداروں کی پریشانی میں بھی اضافہ ہوا ہے،شہر میں 40 روپے کلو بکنے والی پیاز 80 روپے کلو، ٹماٹر50 سے بڑھ کر 90 تا 120 روپے کلو، ادرک50 روپے پائو سے بڑھ کر 90 روپے پائو، گوبھی 30 روپے سے بڑھ کر 55 روپے کلو، کریلا 70 روپے سے بڑھ کر 115 روپے کلو، کدو 45 روپے سے بڑھ کر 90 روپے کلو، لیموں 45 روپے پائو سے بڑھ کر 70 روپے پائو جبکہ لہسن 110 روپے کلو سے بڑھ کر 160 روپے کلو ہو گیا۔مرغی کے گوشت کی قیمت بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ، جس کی قیمت 200 روپے کلو سے بڑھ کر281 روپے فی کلو ہو گئی ۔شہریوں نے بتایا کہ حکومت اپنے معاملات میں الجھی ہوئی ہے ،اس مہنگائی پر کسی کی توجہ نہیں ہے، رمضان سے قبل مہنگائی نے شہریوں کی چیخیں نکلوا دی ہیں، رمضان آئے گا تو نہ جانے کیا ہو گا۔