اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے چائنہ سلک روڈ لیمیٹڈ کے چیئرمین یان لیجن نے ملاقات کی جس میں وزیر خزانہ اسد عمر، طارق بشیر چیمہ خسرو بختیار اور دیگر وزرا موجود تھے۔
اس دوران چائنہ سلک روڈ گروپ نے وزیراعظم کے کم خرچ ہاؤسنگ منصوبے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور پاکستان میں کم لاگت والے تیار شدہ مکانات کے ڈھانچوں کا پلانٹ لگانے کی پیشکش بھی کی۔
وزیراعظم عمران خان نے چینی کمپنی کی پیشکش کا خیر مقدم کیا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت ملک میں بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے آسانیاں پیدا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے دوطرفہ معاشی تعاون کو بھی فروغ ملے گا۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل وزیراعظم نے سی پیک میں کام کرنے والی کمپنیز کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ سی پیک سے خطے میں نئے مواقع پیدا ہوں گے، حکومت چائنیز کمپنیوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک پاک چین دوستی کو باہمی مفاد پر مبنی تعلقات میں بدل دے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار کیلئے چینی کمپنیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اس موقع پر چینی سفیر نے وزیراعظم عمران خان کو چینی ہم منصب کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
چینی سفیر نے کہا کہ ان کے ملک کی قیادت وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کی منتظر ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کروں کو سہولیات کی فراہمی میں ذاتی دلچسپی پر عمران خان کے مشکور ہیں۔
وفد میں 15 چائنیز کمپنیوں کے عہدیداران شریک تھے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر عمر ایوب، خسرو بختیار ، ہارون اشرف بھی شریک تھے۔