آن لائن ٹیکسی سروس ’’اوبر‘‘ نے ’’کریم‘‘ کو خريد ليا

اوبر کا 4 کھرب 35 ارب روپے میں کریم خریدنے کا اعلان

549

آن لائن سفری سہولیات فراہم کرنے والی کمپنیوں اوبر اور کریم نے منگل کے روز ایک پیغام کے ذریعے صارفین کو مطلع کیا کہ اوبر نے 3.1 بلین ڈالر کے عوض مشرقِ وسطی سے پاکستان تک کریم کے کاروبار کو خرید لیا ہے۔ تاہم کریم کو اس کے موجودہ انتظام کے تحت ایک آزاد برانڈ کے طور پر کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
کریم کا آغاز 2012 میں ہوا تھا اور یہ مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ سے لے کر ایشا تک 15 ممالک میں آن لائن رائڈ کی سروس فراہم کرتی ہے۔
کریم اعلامیہ کے مطابق کریم اب مکمل طور پر اوبر کی ملکیت بن گیا ہے تاہم کمپنی کریم برانڈ کے نام پر ہی چلے گی، دونوں کمپنیز کےلیے تیزی سے بڑھنے کے مواقع پیدا ہوں گے۔


اوبر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ اوبر اور کریم 3؍ ارب 10؍ کروڑ ڈالر (تقریباً 4؍ کھرب 35؍ ارب پاکستانی روپے سے زائد) کے معاہدے پر پہنچ گئے ہیں جس کے تحت ایک ارب 40؍ کروڑ ڈالر نقد جبکہ ایک ارب 70؍ کروڑ ڈالر شیئرز کی صورت میں ادا کیے جائیں گے اور یہ ٹرانزیکشن آئندہ سال 2020ء کی پہلی سہ ماہی تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔ کمپنی اعلامیہ کے مطابق اوبر نے مراکش سے لے کر پاکستان بشمول مصر، اردن، پاکستان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت تمام بڑی مارکیٹوں کے ساتھ مشرق وسطی کے بڑے علاقوں میں کریم کی تمام نقل و حرکت، ترسیل اور کاروباری ملکیت حاصل کر لی ہے۔ بالآخرکریم اپنے برانڈ کو محفوظ رکھتے ہوئے اوبرکی مکمل ملکیتی ماتحت ادارہ بن گیاہے۔کریم کے شریک بانی اور سی ای او مدثر شیخا ،کریم کی کاروباری قیادت سنبھالیں گے اور اپنے ہی تشکیل کردہ بورڈجس میں تین نمائندے اوبرسے اور 2؍ نمائندے کریم سے شامل ہوں گے۔
اوبر کے چیف ایگزیکٹیو دارا خوسروشاہی کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ اوبر کے لیے یہ ایک اہم لمحہ ہے، ہم دنیا بھر میں اپنے پلیٹ فارم کی طاقت بڑھانے کا عمل جاری رکھیں گے۔


دوبئی میں شروع کی گئی کریم سروس کا شمار مشرق وسطیٰ کے سب سے کامیاب ’سٹارٹ اپس‘ میں کیا جاتا ہے۔ کریم نے مشرق وسطیٰ میں بہت جلدی مقبولیت حاصل کی، خاص کر پاکستان اور مصر جیسے ممالک میں جہاں اس نے صارفین کو صرف کریڈٹ کارڈ کے بجائے نقد رقم ادا کرنے کا طریقہ بھی متعارف کرایا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here