اسلام آباد : ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ میں کم ازکم سرمایہ کاری 5ہزارڈالر سے کرسکتے ہیں، منافع ڈالر اور پاکستانی روپے دونوں میں ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک نے پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ کے حوالے سے کہا کہ اسکےذریعے سرمایہ کاری پر سرٹیفکیٹ ملےگا، 5سے7منٹ میں خودکار طریقے سے رجسٹریشن ہو جائے گی۔
سرٹیفکیٹ حکومت پاکستان کی ضمانت سےجاری ہوگا، 6.25 منافع 3 سال اور 6.75 فیصد منافع 5 سال کیلئے ہے جبکہ کم ازکم سرمایہ کاری 5 ہزار ڈالر سے ہو سکتی ہے اور منافع ڈالر اور پاکستانی روپے دونوں میں حاصل کیاجاسکتا ہے۔
خیال رہے گذشتہ ماہ وزیرِ اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری نے برطانیہ میں پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ کے لیے مہم شروع کی تھی اور کہا تھا پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ اہم ہیں، سمندر پار پاکستانیوں کی مدد سے ملک کی معیشت بہتر ہوگی۔
یاد رہے 31 جنوری کو وزیراعظم عمران خان نے ’پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ‘ کا اجرا کیا تھا اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا اوورسیز پاکستانیوں سے درخواست کی کہ پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ خریدیں۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا ’پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ کا اجرا اوورسیز پاکستانی کے لیے ہے، یقین دلاتا ہوں پاکستان کے سبز پاسپورٹ کی دنیا میں ہر جگہ عزت ہوگی، اوورسیز پاکستانیوں سے کہوں گا کہ روپیا لینا ڈالر نہ لینا۔‘
واضح رہے کہ ’پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ‘ کی صورت میں جاری ہونے والے بانڈز کے ذریعے سمندر پار رہنے والے بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کر سکیں گے، بانڈز کی مدت تین اور پانچ سال ہوگی، تین سالہ بانڈز پر شرح منافع چھ اعشاریہ دو پانچ فی صد جب کہ پانچ سالہ بانڈز پر شرح منافع چھ اعشاریہ سات پانچ فی صد ہوگی۔