بارہواں 5 سالہ منصوبہ: پاکستان کا جی ڈی پی 5.4 فیصد کی شرح سے بڑھنے کا امکان

عبوری اعدادوشمار کیمطابق رواں مالی سال جی ڈی پی 4 فیصد،آئندہ مالی سال میں 4.6 فیصد، 2020-21ء میں 5.5 فیصد،2021-22ء میں 6.2 فیصد، 2022-23ء میں 6.7 فیصد جبکہ 5 سال میں اوسطاََ 5.4 فیصد رہنے کا امکان ہے

599

اسلام آباد: بارہویں پانچ سالہ منصوبے کے ابتدائی اعدادوشمار کے مطابق آئندہ پانچ سال پاکستان کا جی ڈی پی (مجموعی قومی آمدنی) 5.4 فیصد کی شرح سے بڑھنے کا امکان ہے جبکہ مالی سال 2022 اور 2023ء میں جی ڈی پی 6.7 فیصد کی بلند ترین سطح پر جا سکتا ہے.

بارہویں پانچ سالہ منصوبے کے عبوری ڈرافت کے مطابق ملکی معیشت رواں مالی سال کے دوران 4 فیصد جبکہ آئندہ مالی سال کے دوران 4.6 فیصد کی شرح سے ترقی کریگی. اسی طرح مالی سال 2020ء اور 2021ء میں معیشت 5.5 فیصد اور 2021ء اور 2022ء میں 6.2 جبکہ 2022 اور 2023ء میں 6.7 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گی. ڈرافت کے مطابق اوسطاََ پانچ سال کے دوران شرح نمو 5.4 فیصد رہے گی.

اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے دوران شعبہ زراعت 1.9 فیصد جبکہ ائندہ مالی سال کے دوران 3.2 فیصد کی رفتار سے ترقی کرے گا. اسی طرح 2020-21ء میں 3.7 فیصد، 2021-22ء کے دوران 3.9 فیصد اور 2022-23 کے دوران 4 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گا. اسی طرح زرعی شعبے میں پانچ سالوں کے دوران اوسطاََ شرح نمو 3.3 فیصد رہے گی.

پانچ سالوں میں صنعتی شعبے کی ترقی کچھ یوں رہنے کا امکان ہے: رواں مالی سال کے دوران 2.8 فیصد، آئندہ مالی سال کے دوران 4.3 فیصد، 2020-21ء میں 6.1 فیصد، 2021-22 کے دوران 7.6 فیصد جبکہ 2022-23 کے دوران 8.4 فیصد تک رہنے کا امکان ہے. جبکہ پانچ سالوں کے دوران صنعتی شعبے کی اوسطاََ شرح نمو 5.8 فیصد تک جانے کا امکان ہے.

ملکی سروسز سیکٹر میں رواں مالی سال کے دوران شرح نمو 5.1 فیصد، آئندہ مالی سال کے دوران 5.2 فیصد، 2020-21ء میں 5.8 فیصد، 2021-22ء میں 6.4 فیصد اور 2022-23ء میں 6.9 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ اس شعبے کی اوسط شرح نمو پانچ سال کے دوران 5.9 فیصد رہنے کا امکان ہے.

منصوبے میں ملکی معیشت کو چلانے والے 8 بنیادی محرکات کی نشاندہی کی گئی ہے. جن میں دیہی ترقی، صنعتوں کا جال وسیع کرنا، استعدادکار اور اہلیت بھی شامل ہیں. اس کے علاوہ نجی سرمایہ کاری، گورننس، مختلف شعبوں میں جدت اور اصلاحات، تعمیراتی شعبہ، مقامی پیداوار کو بڑھانے کیلئے مخصوص اقتصادی زونزبھی ایسے محرکات میں شامل ہیں جنہیں معیشت کی ترقی کیلئے پانچ سالہ منصوبے میں شامل کیا گیا ہے.

آئندہ پانچ سالہ منصوبہ متوازن اور علاقائی ترقی کے عین مطابق ہے. یہ منصوبہ پائیدار، روزگار مہیا کرنے والا، خوراک، توانائی، پانی کے تحفظ کے علاوہ برآمدات کی ترقی پر مشتمل ہے.

اس منصوبے کا مقصد عوام کو سماجی تحفظ دینا، غربت کا خاتمہ، انسانی سرمائے کی ترقی، گورننس اور صنفی توازن بہتربنانا، مقامی و علاقائی رابطہ کاری بڑھانا، تعلیمی ترقی اور سبز اور صاف پاکستان بنانا ہے.

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here