لاہور: وزیر محنت و انسانی وسائل پنجاب انصر مجید خان نے ڈائریکٹوریٹ آف لیبر ویلفیئر پنجاب وحدت روڈ کے دورہ کے دوران ایک اجلاس میں لیبر انسپکٹرز کو اینڈرائیڈ فون دینے کا حکم دے دیا۔یہ فیصلہ پنجاب بھر کے لیبر انسپکٹرز کی کارکردگی کو مزید بہترکرنے کیلئے کیاگیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل لیبر ویلفیئر پنجاب فیصل نثار کو اس حوالہ سے فزیبلٹی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈائریکٹر جنرل لیبر ویلفیئر پنجاب نے وزیر محنت و انسانی وسائل کو ڈائریکٹوریٹ کے انتظامی امور سمیت صوبہ بھر میں افسران کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔وزیر محنت و انسانی وسائل پنجاب انصرمجید خان نے ڈائریکٹوریٹ آف لیبر ویلفیئر پنجاب کے دفتر میں پودا لگاکر باقاعدہ شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹوریٹ آف لیبر ویلفیئر پنجاب کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔وزیر محنت و انسانی وسائل پنجاب انصرمجید خان نے کہا کہ 1969ء کے بعد مزدوروں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے چار قوانین کی منظوری تحریک انصاف کی حکومت کی مزدور دوست پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔